سوال:
مفتی صاحب ! میں روزانہ عصر کی نماز پڑھنے کے بعد مغرب سے پہلے ٹیوشن جاتا ہوں اور عشاء میں میری چھٹی ہوتی ہے، جس کی وجہ سے میری مغرب کی نماز رہ جاتی ہے، آپ مجھے یہ بتادیں کہ اگر میں ٹیوشن جانے کے عذر کی وجہ سے مغرب کی نماز مغرب ہونے سے پہلے پڑھ لوں تو کیا میری نماز ادا ہوجائے گی؟
جواب: واضح رہے کہ کسی فرض نماز کے ادا ہونے کے لئے اس نماز کا وقت ہونا ضروری ہے، اس کے بغیر فرض نماز ادا نہیں ہوگی، لہذا پوچھی گئی صورت میں آپ کے لئے ضروری ہے کہ اپنی تعلیمی مصروفیات میں سے وقت نکال کر مغرب کی نماز کو اس کے وقت میں ادا کریں اور اگر آپ نے مغرب کی نماز وقت داخل ہونے سے پہلے پڑھی تو آپ کی مغرب کی نماز ادا نہیں ہوگی اور وقت گزرنے پر آپ پر مغرب کی نماز کی قضا لازم ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: (النساء، الآیۃ: 103)
اِنَّ الصَّلٰوۃَ کَانَتۡ عَلَی الۡمُؤۡمِنِیۡنَ کِتٰبًا مَّوۡقُوۡتًاo
رد المحتار: (370/1، ط: دار الفکر)
یشترط لصحۃ الصلاۃ دخول الوقت واعتماد دخولہ کما فی نور الایضاح وغیرہ۔۔۔الخ
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی