سوال:
مفتی صاحب ! ایک شخص پر گزشتہ سات سالوں سے قربانی واجب ہے، لیکن علم نہ ہونے کی وجہ سے ایک بھی قربانی نہیں کی، اب ایسے شخص پر گزشتہ سالوں کی قربانی کی ادائیگی کا کیا طریقہ ہوگا؟
جواب: واضح رہے کہ جس مرد یا عورت کی ملکیت میں قربانی کے دنوں میں ضرورت سے زائد ساڑھے باون تولہ چاندی یا اس کے بقدر قیمت کی کوئی چیز ہو، تو شرعاً اس پر قربانی واجب ہے، اور جب تک اس کے پاس یہ نصاب باقی رہے گا، ہر سال اس کے ذمے قربانی واجب ہوگی، اگر کسی وجہ سے قربانی نہ کرسکے، تو وہ معاف نہیں ہے، بلکہ اس کی قضا میں ہر قربانی کے بدلے ایک متوسط بکرا یا بکری کی قیمت صدقہ کرنا شرعاً اس پر واجب ہے۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں آپ پر مذکورہ بالا نصاب کے مطابق اگر قربانی واجب تھی، تو ہر سال کے بدلے ایک متوسط بکرا یا بکری کی قیمت غریبوں، مسکینوں پر صدقہ کردیں، تو گزشتہ قربانیوں کا ذمہ ساقط ہو جائے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
رد المحتار: (کتاب الأضحیۃ، 463/9، ط: بیروت)
قولہ : (ولو ترکت التضحیۃ الخ) شروع في بیان قضاء الأضحیۃ إذا فاتت عن وقتہا فإنہا مضمونۃ بالقضاء في الجملۃ کما في البدائع ۔۔۔۔۔۔۔ قولہ : (تصدق بہا حیۃ) لوقوع الیأس عن التقرب بالإراقۃ ، وإن تصدق بقیمتہا أجزأہ أیضًا ؛ لأن الواجب ہنا التصدق بعینہا ، وہذا مثلہ فیما ہو المقصود ۔ اھ ۔ ذخیرۃ".
المبسوط للسرخسي: (باب الأضحیۃ، 18/12، ط: دار الکتب العلمیۃ)
"وأما بعد مضي أیام النحر فقد سقط معنی التقرب بإراقۃ الدم ، لأنہا لا تکون قربۃ إلا في مکان مخصوص وہو الحرم ، وفي زمان مخصوص وہو أیام النحر ۔ ولکن یلزمہ التصدق بقیمۃ الأضحیۃ إذا کان ممن تجب علیہ الأضحیۃ ، لأن تقربہ في أیام النحر کان باعتبار المالیۃ فیبقی بعد مضیہا والتقرب بالمال في غیر أیام النحر یکون بالتصدق ، ولأنہ کان یتقرب بسببین : إراقۃ الدم والتصدق باللحم ، وقد عجز عن أحدہما ، وہو قادر علی الآخر فیأتي بما یقدر علیہ".
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی