resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: کیا وراثت میں حمل کے حصہ کو بھی رکھا جائے گا؟(8859-No)

سوال: السلام علیکم، ایک شخص کی شادی ہوئی، بیوی سے مباشرت کی اورشادی کے پانچ دن بعد فوت ہوگیا، ورثاء میں ماں، باپ اور بیوی تھے، لہذا اس کی وراثت ان تینوں میں تقسیم ہو گئی، لیکن نو ماہ بعد متوفی کی بیوہ کے ہاں بیٹا/بیٹی پیدا ہوتے ہیں، تو آیا وہ بیٹا متوفی کی وراثت میں حقدار ہوگا؟ اگر ہاں ! تو کیا تمام ورثا سے بمطابق شریعت حصص کاٹے جائیں گے اور اگر کسی وارث نے اپنا حصہ استعمال/خرچ کر لیا ہو یا جائیداد بیچ دی ہو اور پیسے خرچ کر لئے ہوں، تو ایسی صورت میں کیا لائحہ عمل ہوگا؟

جواب: واضح ہو کہ اگر میراث میں حمل کا بھی حصہ ہو، تو بہتر یہ ہے کہ ولادت ہونے تک ترکہ کی تقسیم نہ کی جائے، لیکن اگر ولادت سے پہلے تقسیم کرنی ہو، تو اس صورت میں دو مسئلے بنائے جائیں گے، ایک میں حمل کو مذکر اور دوسرے میں مونث فرض کیا جائے گا، پھر حمل کے علاوہ باقی ورثاء کو دونوں صورتوں میں سے جس صورت میں کم ملتا ہو، وہ انہیں دے دیا جائے گا، اور باقی حصہ حمل کے لئے محفوظ رکھ دیا جائے گا، پھر اگر حمل مذکر پیدا ہو، تو مذکر والی صورت پر عمل کریں گے، اور اگر مونث پیدا ہو، تو مونث والی صورت پر عمل کریں گے، اور جن ورثاء کو کم دیا گیا تھا، ان کو مکمل حصہ دے دیا جائے گا۔
اور اگر حمل میت پیدا ہو، تو مال موقوف بقیہ ورثاء میں حسبِ استحقاق تقسیم کردیا جائے گا۔
سوال میں ذکر کردہ صورت میں حمل کی پیدائش ہونے کے بعد تمام ورثاء اپنے حصہ سے زائد لیا ہوا حصہ پیدا ہونے والے بچہ کو دینے کے پابند ہوں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

البحر الرائق: (574/8، ط: دار الکتاب الاسلامی)
(ووقف للابن حظ ابن) أي إذا ترك الميت امرأته حاملا أو غيرها ممن يرثه ولدها وقف للحمل نصيب ابن واحد.... ثم يقسم الباقي على الأولاد ويترك نصيب الحمل منه على الاختلاف الذي ذكرنا، وإن لم يكن في الورثة ذكر والحمل من الميت يعطى كل وارث نصيبه على تقدير أن الحمل ذكر أو أنثى أيهما أقل، وإن كان على أحد التقديرين يرث دون الآخر فلا يعطى شيئا وكذا إذا كان فيهم من لا يرث على تقدير ولادته حيا وعلى تقدير ولادته ميتا يرث فلا يعطى شيئا للاحتمال، وإن كان نصيبه على أحد التقديرين أكثر يعطى الأقل للتيقن به ويوقف الباقي.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

kia wirasat me / may / mein hamal ke / kay hisa ko bhi rakha jaye ga?

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Inheritance & Will Foster