عنوان: تین تولہ سونے پر قربانی(9668-No)

سوال: السلام علیکم، مفتی صاحب! میرے پاس تین تولہ سونا ہے، یہ سونا مجھے حق مہر میں ملا تھا، اب اس پر ایک سال گزرچکا ہے، تو کیا میرے اوپر قربانی فرض ہے؟ جبکہ میرے شوہر کے پاس کوئی جائیداد اور کوئی رقم نہیں ہے، جس سے ان پر قربانی فرض ہو، اور اگر میرے اوپر قربانی فرض ہو اور میرے شوہر اپنے نام سے قربانی کرلیں، تو کیا میری قربانی ادا ہوجائے گی؟ براہ کرم رہنمائی فرمائیں۔

جواب: پوچھی گئی صورت میں اگر آپ کی ملکیت میں صرف تین تولہ سونا ہو، اور اس کے ساتھ چاندی، نقد روپیہ یا ضرورت سے زائد سامان نہ ہو (جو سارا سال استعمال نہیں ہوتا) ، تو چونکہ یہ سونے کا مکمل نصاب نہیں ہے، اس لیے صرف تین تولہ سونے پر قربانی واجب نہیں ہوگی۔
البتہ اگر تین تولہ سونے کے ساتھ نقد رقم ضرورت سے زائد موجود ہو، (خواہ وہ معمولی ہو)، یا کچھ چاندی یا مالِ تجارت ہو، یا ضرورت سے زائد سامان ( جو سارا سال استعمال نہیں ہوتا) ہو، تو اس صورت میں قربانی واجب ہونے کے لیے ساڑھے سات تولہ سونا ہونا ضروری نہیں، بلکہ اگر مذکورہ اموال کی قیمت ملا کر ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت کے برابر یا اس سے زائد پہنچتی ہو، تو قربانی کا نصاب مکمل تصور کیا جائے گا، اور قربانی واجب ہوگی۔
قربانی واجب ہونے کی صورت میں ضروری ہے کہ آپ خود قربانی کریں یا آپ کا شوہر آپ کی اجازت سے آپ کی طرف سے قربانی کرلے، شوہر کی اپنی قربانی سے بیوی کا واجب ادا نہیں ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الدر المختار مع رد المحتار: (کتاب الأضحیة، 452/9)
"وشرائطھا الإسلام والإقامة والیسار الذي یتعلق بہ وجوب صدقة الفطر اھ
قوله: ”والیسار الخ“ : بأن ملک مائتي درھم أو عرضاً یساویھا غیر مسکنہ وثیاب اللبس أو متاع یحتاجہ إلی أن یذبح الأضحیة الخ،

الفتاوى الهندية: (191/1)
"وهي واجبة على الحر المسلم المالك لمقدار النصاب فاضلاً عن حوائجه الأصلية، كذا في الاختيار شرح المختار، ولايعتبر فيه وصف النماء، ويتعلق بهذا النصاب وجوب الأضحية، ووجوب نفقة الأقارب، هكذا في فتاوى قاضي خان".

بدائع الصنائع: (فصل اما کیفیة الوجوب، 67/5، ط: سعید)
ولو ضحی بدنۃ عنہ نفسہ وعن اولادہ فان کانوا صغارا اجزأہ واجزأھم وان کانوا کبارا فان فعل ذلک بامرھم فکذلک وان کان بغیر امرھم لم یجز علی قولھم۔

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 983 Jul 05, 2022
teen / 3 tola soney / gold per qurbani

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Qurbani & Aqeeqa

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.