عنوان: ایصال ثواب کے لیے جامع دعائیں(9829-No)

سوال: میں جب اپنے بڑوں کے لیے ایصال ثواب کرتا ہوں تو عموماً اس طرح دعا کرتا ہوں کہ "یہ جو عمل کیا ہے یا آج کے دن جو بھی نیک اعمال کروں اس کا ثواب میرے نانا، نانی، دادا، دادی کو پہنچا دیں اور پھر ان کی مغفرت کی دعا بھی ہو جاتی ہے کہ یا اللہ ان مرحومین کی مغفرت فرما، قبر کے عذاب سے بچا، جنت الفردوس میں اعلٰی سے اعلی مقام عطا فرما وغیرہ وغیرہ۔"
جیسا کہ پڑھا اور سنا ہے کہ جتنے بھی لوگوں کی نیت کی جائے، ساروں کو پورا پورا ثواب ملتا ہے، تو معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا کوئی ایسی جامع دعا یا طریقہ ہے جس میں اپنے عزیز و اقارب، دوست احباب سمیت تمام ایمان والے گزشتہ اور موجودہ سب شامل ہو جائیں؟

جواب: واضح رہے کہ تمام فوت شدہ مسلمانوں بالخصوص اپنے اعزاء و اقارب کے لیے ایصال ثواب کرنا اور ان کی مغفرت کی دعا مانگنا مستحسن عمل ہے، قرآن وحدیث میں مرحومین کی دعائے مغفرت کے لیے مختلف مقامات پر جامع دعائیں منقول ہیں، چنانچہ ایک موقع پر ابراہیم علیہ السلام کی دعا ذکر ہے:
رَبَّنَا اغۡفِرۡ لِیۡ  وَ لِوَالِدَیَّ وَ لِلۡمُؤۡمِنِیۡنَ  یَوۡمَ  یَقُوۡمُ الۡحِسَابُ {ابراهيم: الایۃ، ٤١}
ترجمہ:
اے ہمارے پروردگار! جس دن حساب قائم ہوگا، اس دن میری بھی مغفرت فرمائیے، میرے والدین کی بھی اور ان سب کی بھی جو ایمان رکھتے ہیں۔ (آسان ترجمہ قرآن)
ایک دوسرے موقع پر ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَ الَّذِیۡنَ جَآءُوۡ مِنۡۢ  بَعۡدِہِمۡ یَقُوۡلُوۡنَ رَبَّنَا  اغۡفِرۡ لَنَا وَ لِاِخۡوَانِنَا  الَّذِیۡنَ سَبَقُوۡنَا بِالۡاِیۡمَانِ وَ لَا تَجۡعَلۡ  فِیۡ قُلُوۡبِنَا غِلًّا  لِّلَّذِیۡنَ  اٰمَنُوۡا  رَبَّنَاۤ  اِنَّکَ رَءُوۡفٌ  رَّحِیۡمٌ {الحشر: الایۃ، ١٠}
ترجمہ:
اور (یہ مال فئ) ان لوگوں کا بھی حق ہے جو ان (مہاجرین اور انصار) کے بعد آئے۔  وہ یہ کہتے ہیں کہ : اے ہمارے پروردگار ! ہماری بھی مغفرت فرمایئے، اور ہمارے ان بھائیوں کی بھی جو ہم سے پہلے ایمان لاچکے ہیں، اور ہمارے دلوں میں ایمان لانے والوں کے لیے کوئی بغض نہ رکھیے۔ اے ہمارے پروردگار ! آپ بہت شفیق، بہت مہربان ہیں۔ (آسان ترجمہ قرآن)
اس کے علاوہ درج ذیل دعا بھی پڑھی جاسکتی ہے:
اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لِحَیِّنَا وَ مَیِّتِنَا وَ شَاھِدِنَا وَ غَائِبِنَا وَ صَغِیْرِنَا وَ كَبِیْرِنَا وَ ذَكَرِنَا وَ اُنْثَانَا، اَللّٰھُمَّ مَنْ اَحْیَیْتَهُ مِنَّا فَاَحْیِِهِ عَلَى الْاِسْلَامِ وَ مَنْ تَوَفَّیْتَهُ مِنَّا فَتَوَفَّهُ عَلَى الْاِیْمَانِ۔
ترجمہ:
’’یا اللہ! تو ہمارے زندوں کو بخش اور ہمارے مرُدوں کو، اور ہمارے حاضر لوگوں کو اور ہمارے غائب لوگوں کو اور ہمارے چھوٹوں کو اور ہمارے بڑوں کو اور ہمارے مردوں کو اور ہماری عورتوں کو۔ یا اللہ! تو ہم میں سے جس کو زندہ رکھے تو اس کو اسلام پر زندہ رکھ اور جس کو ہم میں سے موت دے تو اس کو حالتِ ایمان پر موت دے۔‘‘

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

رد المحتار: (243/2، ط: دار الفکر)

صرح علماؤنا في باب الحج عن الغیر بأنّ للإنسان أن یجعل ثواب عمله لغیره صلاةً أو صومًا أو صدقةً أو غیرها، كذا في الهدایة. بل في زكاة التتارخانیة عن المحیط: الأفضل لمن یتصدّق نفلًا أن ینوي لجمیع المؤمنین و المؤمنات؛ لأنّها تصل إلیهم، ولاینقص من أجره شيءٍ اه هو مذهب أهل السنة والجماعة.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 4972 Sep 27, 2022
isal / esaal e sawab k liye jama / jaame duain.

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Funeral & Jinaza

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.