مریض کے لیے ہسپتال کے بستر(Bed) پر نماز پڑھنے کا حکم
( دارالافتاء الاخلاص)

مریض کے لیےہسپتال کے بستر(Bed) پر نماز پڑھنے کا حکم

جس جگہ نماز ادا کی جائے، اس جگہ کا پاک ہونا نمازکی شرائط میں سے ایک شرط ہے،لیکن اگو کوئی مریض آپریشن یا کسی بیماری کی وجہ سے ہسپتا ل کے بستر(Bed) سے نہیں اتر سکتا ،اور وہیں نماز پڑھنا چاہے،جبکہ اس بستر پر کوئی ناپاکی لگی ہوئی ہوتواس ناپاکی والی جگہ پر نماز پڑھنے کے لیے تفصیل یہ ہے کہ:
اگرہسپتال کے بسترپر لگی ہوئی نجاست گیلی ہو ، تو اس ناپاکی والی جگہ پرنماز پڑھنا درست نہیں ہے، جب تک کہ اس کوپاک نہ کرلیا جائے، البتہ اگر اس گیلی نجاست کے اوپرایسی پاک پلاسٹک شیٹ یا ایساپاک موٹا کپڑا/چادر بچھا دی جائے،جس کے اوپر والے حصے تک نجاست سرایت نہ کرے، تواس پر نماز پڑھنا درست ہے۔

اوراگر نجاست خشک ہوچکی ہو،جس کے اثرات بستر پر موجود ہوں، تواس پر بچھائی جانے والی پاک چادر/کپڑا اتنا موٹا ہوکہ بستر کی نجاست چھپ جائے، اور اُس نجاست کی بدبو چادر کے اوپر سے نہ سونگھی جاسکتی ہو، توایسی چادرپر بھی نماز پڑھنا درست ہے، بشرطیکہ نماز کی باقی شرائط بھی پائی جائیں۔

اگر کسی شخص کو کسی خاص وجہ سے ہسپتال کےبستر کے ناپاک ہونےکا غالب گمان ہو، اگرچہ نجاست کی بدبو یا اس کےاثرات بستر پرنہ پائےجارہے ہوں، تو ایسی صورت میں بھی پاک کپڑا/ چادر بچھا کرنماز پڑھی جائے، کیونکہ عبادات میں احتیاط کا پہلو مقدم ہے، البتہ اگر صرف ناپاکی کا شک ہو،یقین یا غالب گمان نہ ہوتواس شک کا شرعاًکوئی اعتبار نہیں۔اسی طرح اگر ناپاکی بستر(Bed) کے آس پاس لگی ہوئی ہو، اوربستر کے جس حصہ پر بیٹھ کر نماز پڑھی جارہی ہے ، وہاں ناپاکی نہ ہو،تو اس حصہ پرچادر بچھائے بغیر بھی نماز پڑھنا درست ہے۔
(مستفاد از فتویٰ (105313دار الافتاء الاخلاص،بتصرف)


Print Views: 1264

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.