سوال:
ایک آدمی کے ہاتھ دونوں مونڈوں تک نہیں ہیں، اگر وہ کسی کمرے وغیرہ میں اکیلا قرآن مجید پڑھ رہا ہو اور اس کے پاس کوئی صفحات پلٹنے والا نہ ہو تو کیا وہ پاؤں سے قرآن مجید کے صفحات پلٹ سکتا ہے؟
جواب: پاؤں انسان کے جسم کا سب سے نچلا حصہ ہے جو چلتے وقت زمین سے لگتا ہے اور اس پر گرد و غبار لگ جاتا ہے اور اگر کہیں زمین پر نجاست ہو تو اس کے لگنے کا بھی قوی امکان ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ عرف میں پاؤں سے کسی چیز کو چھونا بدتہذیبی اور بے ادبی شمار ہوتی ہے، جبکہ قرآن مجید لائقِ صد تعظیم کتاب ہے، اس لیے سوال میں ذکر کردہ عذر کے باوجود بھی پاؤں سے ورق پلٹنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، لہذا معذور شخص کو چاہیے کہ ایسی مجبوری کی صورت میں صفحات پلٹنے کے لیے کسی سے مدد لے لے یا کوئی اور ممکنہ باادب طریقہ اس کے لیے اختیار کر لے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: (الواقعة، الآیة: 77، 80)
اِنَّهٗ لَقُرْاٰنٌ كَرِیْمٌۙ o فِیْ كِتٰبٍ مَّكْنُوْنٍۙ o لَّا یَمَسُّهٗۤ اِلَّا الْمُطَهَّرُوْنَؕ o تَنْزِیْلٌ مِّنْ رَّبِّ الْعٰلَمِیْنَ o
و قوله تعالی: (عبس، الآیة: 11، 16)
كَلَّاۤ اِنَّهَا تَذْكِرَةٌۚ o فَمَنْ شَآءَ ذَكَرَهٗۘ o فِیْ صُحُفٍ مُّكَرَّمَةٍۙ o مَّرْفُوْعَةٍ مُّطَهَّرَةٍۭۙ o بِاَیْدِیْ سَفَرَةٍۙ o كِرَامٍۭ بَرَرَةٍؕ o
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی