عنوان: لفظ اللہ یا کسی نبی، صحابی یا بزرگ کا نام سننے پر جل جلالہ، صلی اللہ علیہ وسلم، علیہ السلام، رضی اللہ عنہ، اور رحمۃ اللہ علیہ پڑھنے کا حکم(11066-No)

سوال: ہم فضائل اعمال کی تعلیم میں سنتے آرہے ہیں کہ جہاں اللہ تعالیٰ کا نام آجائے تو وہاں جلّ جلالہ کہنا چاہیے، جہاں حضور اکرم ﷺ کا نام آجائے تو وہاں درود شریف پڑھنا چاہیے، جہاں کسی اور نبی کا نام آجائے تو وہاں علیہ السلام کہنا چاہیے، جہاں صحابی کا نام آجائے تو وہاں رضی اللہ عنہ کہنا چاہیے، جہاں صحابیہ کا نام آجائے تو وہاں رضی اللہ عنہا کہنا چاہیے اور جہاں کسی بزرگ کا نام آجائے تو وہاں رحمة اللہ علیہ کہنا چاہیے، فضائل اعمال کی تعلیم کراتے ہوئے تعلیم کرانے والا تو یہ سب دعائیہ کلمات پڑھ رہا ہوتا ہے، لیکن جو سننے والے ہیں، کیا ان کو بھی یہ دعائیہ کلمات پڑھنے چاہیے؟ رہنمائی فرمائیں

جواب: 1) لفظ "الله" سننے پر ثنا اور تعظیم کے کلمات ادا کرنا واجب نہیں ہیں، البتہ بہتر اور ادب کا تقاضا یہ ہے کہ اسم جلالہ سننے پر تعظیم کے کلمات ادا کردیے جائیں۔
2) حضور اکرم ﷺ کا نام جب مجلس میں پہلی مرتبہ لیا جائے تو سامع پر مجلس میں ایک مرتبہ درود پڑھنا واجب ہے، ایک مرتبہ پڑھ لینے کے بعد اسی مجلس میں اگر دوبارہ حضور ﷺ کا اسم گرامی آئے تو درود پڑھنا مستحب ہوگا۔
3) قرآن مجید میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے دیگر انبیاء کرام علیہم السلام پر سلام کا کئی جگہ ذکر فرمایا ہے، اس لئے بہتر یہ ہے کہ جب کسی نبی کا اسم گرامی آئے تو سامع ان پر سلام بھیجے۔
4) صحابہ اور صحابیات رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سے کسی کا نام سن کر ان کے لیے "رضی اللہ عنہ" کی دعا کرنے کو علماء نے مستحب لکھا ہے۔
5) رحمۃ اللہ علیہ ایک دعا ہے، کسی بزرگ کا نام آنے پر اس کے لیے یہ دعا کرنا لازم نہیں ہے، البتہ اگر ان کے لئے یہ دعا کردی جائے تو یہ ان کے علمی خدمات کا ایک صلہ ہوگا جو ان کو ہماری طرف سے پہنچے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم:(سورۃ الاحزاب، رقم الآیة:56)
اِنَّ اللّٰهَ وَمَلٰٓئِكَتَهٗ يُصَلُّوۡنَ عَلَى النَّبِىِّ ؕ يٰۤاَيُّهَا الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا صَلُّوۡا عَلَيۡهِ وَسَلِّمُوۡا تَسۡلِيۡمًا‏ o

القرآن الکریم :(سورۃ الصافات، رقم الآیة: 119-120)
وَتَرَكْنَا عَلَيْهِمَا فِي الْآخِرِينَ o سَلَامٌ عَلَى مُوسَى وَهَارُونَ o

معارف السنن:(292/4، ط: مکتبة البنوریة)
قال في شرح المنيه ولو تكرر ذكره عليه الصلاة والسلام في مجلس واحد قال في الكافي لم يلزمه الا مرة واحدة في الصحيح.

و فیه ایضاً: (292/4، ط: مکتبة البنوریة)
وفي تقريب النووی و شرحه للسيوطي:
و كذا ينبغي المحافظة على الثناء على الله سبحانه وتعالى كعز وجل و سبحانه و تعالى وشبهه الخ۔

کذا فی فتویٰ دارالعلوم دیوبند
رقم الفتوٰی: 58081
رقم الفتوٰی: 602455

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Print Full Screen Views: 1034 Sep 18, 2023
lafz Allah ya kisi nabi, sahabi ya buzurg ka naam sunney per jalla jalalaho, sallalaho allihe wasallam,allihe salam,razi allaho anho or rahmatullah allieh parhne ka hukum

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Beliefs

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.