سوال:
ایس آر اے کے نام سے ایک ایپ ہے جو ایمیزون سے لنک ہے، اس میں انویسٹمنٹ کرکے نفع حاصل کرنا کا کیا حکم ہے؟
ایپ میں کام کرنا کا طریقہ کار یہ ہے کہ اس ایپ میں مختلف پیکجز ہوتے ہیں، مثلا: 100 ڈالر،200 ،300، آخری 1000 ڈالر تک کے پیکجز ہیں۔ ا س میں اگر کوئی ایپ میں اپنا اکاؤنٹ بنائے اور سو ڈالر والا پیکج خریدے تو اسے دو ڈالر کا نفع کمانے کا موقع ملتا ہے۔ کمائی کا طریقہ یہ ہوتا ہے کہ روزانہ مختلف مصنوعات کا آرڈر اسکرین پر نمودار ہوتا ہے، اگر آپ اس گریب کا بٹن دبائیں گے یا کلک کریں گے تو ایک ڈالر یا اس سے کچھ کم کمیشن آپ کو مل جائے گا۔ اب سوال یہ پوچھنا ہے کہ کیا کمائی کا یہ طریقہ جائز ہے؟
جواب: ہماری معلومات کے مطابق ایس آر اے (SRA) نامی ایپ کے ذریعے لوگوں سے مخصوص رقم (جوکہ قابل واپسی ہوتی ہے) لیکر ممبر شپ دی جاتی ہے، اور پھر ایمازون کے مختلف کسٹمرز کے آرڈرز وصول(grab) کرکے اس کمپنی کو جمع (submit) کرائے جاتے ہیں، ایس آئی آر کے مطابق اس کام کے عوض ایمازون کمپنی کی طرف سے اسے مخصوص کمیشن ملتا ہے، جن میں سے ایس آر اے اپنے ممبرز کو طے شدہ کمیشن دیتا ہے، اگر یہ معلومات درست ہیں تو بنیادی طور پر یہ خدمت (Service) فراہم کرنے کے عوض اجرت لینے (اجارہ) کا معاملہ ہے جوکہ درست ہو سکتا ہے، بشرطیکہ اس میں کوئی اور شرعی خرابی نہ ہو، اور اس میں کسی جائز قانون کی خلاف ورزی لازم نہ آتی ہو۔
واضح رہے کہ اگر یہ معلومات درست نہ ہوں، اور کسی ویب سائٹ کے ذریعے جائز خدمات فراہم کرکے اجرت کمانا مقصد نہ ہو، بلکہ صرف ممبرز بڑھا کر ان سے لی گئی رقوم سے اپنا نیٹ ورک چلانے کا کام ہو تو پھر اس کا شرعی حکم یہ نہیں ہوگا، ایسی صورت میں مکمل تفصیلات لکھ کر دوبارہ شرعی حکم معلوم کرسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
رد المحتار: (باب الإجارة الفاسدة، 47/6، ط: دار الفکر)
إجارة السمسار والمنادي والحمامي والصكاك وما لا یقدر فیه الوقت ولا العمل تجوز لما کان للناس بہ حاجة ویطیب الأجر الماخوذ لو قدر أجر المثل.
و فيه ايضا: (مطلب في أجرة الدلال، 63/6، ط: سعید)
وفي الدلال والسمسار یجب أجرالمثل وما تواضعوا علیه أن في کل عشرة دنانیر کذا، فذاك حرام علیهم،
وفي الحاوي: سئل محمد بن سلمة عن أجرة السمسار، فقال: أرجوا أن لاباس به، وإن کان في الأصل فاسدا لکثرة التعامل وکثیر من هذا غیر جائز، فجوزوه لحاجة الناس إلیه کدخول الحمام
والله تعالىٰ أعلم بالصواب
دارالافتاء الإخلاص،کراچی