سوال:
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، محترم مفتی صاحب! میں کارٹنگ ریس سوٹ تیار کر کے ایکسپورٹ کرتا ہوں اور اب فارمولا ون (F1) ریس سوٹ کے ریپلکا ایکسپورٹ کرنا چاہتا ہوں۔ فارمولا ون کے اصل سوٹ پر مختلف اسپانسر کمپنیوں کے نام اور لوگو ہوتے ہیں، جن میں کچھ حلال کمپنیاں اور کچھ غیر شرعی کمپنیاں بھی شامل ہوتی ہیں، جیسے شراب بنانے والی کمپنیاں اور سودی بینک۔ فارمولا ون کے فینز عام طور پر بالکل اسی ڈیزائن کا سوٹ چاہتے ہیں اور ان کی نیت تشہیر کی نہیں ہوتی، اسی طرح میری بھی نیت تشہیر کی نہیں، بلکہ میں صرف آرڈر کے مطابق سوٹ تیار کرتا ہوں۔
کیا ایسی صورت میں ان فینز کو ان اسپانسر لوگوز کے ساتھ F1 ریس سوٹس کے ریپلکا تیار کرنا اور ایکسپورٹ کرنا جائز ہے؟ اس کے علاوہ اگر کوئی شخص اپنے لیے ریس سوٹ بنواتا ہے اور اس پر تشہیر کے لیے اپنے اسپانسر (سودی بینک یا شراب بنانے والی کمپنی) کا نام یا لوگو لگواتا ہے تو اس صورت کا کیا حکم ہے؟
جواب: سودی بینک یا شراب بنانے والی کمپنیوں کے لوگو (Logo) پر مشتمل کارٹنگ ریس سوٹس یا ان کے ریپلیکا (Replica) تیار کرنے میں اگرچہ آپ کی نیت ان کمپنیوں کی تشہیر کی نہیں ہے، (جیساکہ سوال میں ذکر ہے) لیکن چونکہ لوگو لگانے سے ان کی تشہیر بہرحال ہوتی ہے، لہذا مذکورہ صورت میں ایسی ناجائز کاروبار کرنے والی کمپنیوں/اداروں کے لوگو لگانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: (المائدۃ، الآية: 2)
وَتَعَاوَنُوْا عَلَی الْبِرِّ وَالتَّقْویٰ وَلاَ تَعَاوَنُوْا عَلَی الْاِثْمِ وَالْعُدْوَانِ....الخ
فقه البیوع: (192/1، ط: معارف القرآن)
الاعانۃ علی المعصیة حرام مطلقا بنص القرآن اعنی قوله تعالی: ولا تعاونوا علی الاثم والعدوان (المائدۃ:2) وقوله تعالی: فلن اکون ظھیرا للمجرمین (القصص:17) ولکن الاعانة حقیقة ھی ما قامت المعصیۃ بعین فعل المعین، ولا یتحقق الا بنیة الاعانة او التصریح بھا الخ۔
و فیه ایضاً: (264/2، ط: معارف القرآن)
بیع الأشیاء إلیه (البنك) : وفیه تفصیل ، فإن کان المبیع ممایتمحض استخدامه فی عقد محرم شرعاً، مثل برنامج الحاسوب الذی صمم للعملیات الربویة خاصة، فإن بیعه حرام للبنک وغیرہ ، وکذلك بیع الحاسوب بقصد أن یستخدم فی ضبط العملیات المحرمة أوبتصریح ذلك فی العقد
واللہ تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاءالاخلاص، کراچی