resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: جمعہ کی نماز کے بعد سورہ فاتحہ اور تینوں قل پڑھنے سے متعلق روایات کی تحقیق(1162-No)

سوال: مفتی صاحب! ان دونوں روایتوں کی تحقیق فرمادیں:
حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص جمعہ کے دن جمعہ کی نماز میں امام کے سلام پھیرنے کے بعد اسی حالت میں بیٹھے ہوئے سورة الفاتحہ اور سورة الاخلاص( قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ)اور سورة الفلق( قُلْ أَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ )اور سورة الناس( قُلْ أَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ )سات سات مرتبہ پڑھے گا تو اللہ تعالٰی اس کے اگلے اور پچھلے گناہ معاف کر دے گا اور مومنین کی تعداد کی مقدار سے ثواب عنایت کرے گا اور ایک دوسری روایت میں یوں آیا ہے کہ اللہ تعالٰی اس کے دین و دنیا کی حفاظت اور اہل و اولاد کی نگہداشت کرے گا۔( ذکرہ الصفوری فی نزھة المجالس )۔
حضرت أسماء بنت ابی بکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہا سے منقول ہے کہ جمعہ کے روز امام کے سلام پھیرنے کے بعد جو شخص سورة الفاتحہ اور آخری تینوں قل( یعنی قرآن مجید کی آخری تینوں سورتیں )سات سات مرتبہ پڑھے تو اللہ تعالٰی اس شخص کے دین اور دنیا اور اہل و عیال اور اولاد کو ہر بلا سے آئندہ جمعہ تک محفوظ رکھے گا۔ ( ذکرہ الیافعی فی در النظیم صفحہ. 18. اور أعمال قرآنی صفحہ، 38)

جواب: یہ روایات تین طرق سے الفاظ کے تھوڑے فرق کے ساتھ تین صحابہ حضرت انس، حضرت عائشہ اور حضرت اسماء بنت ابی بکر سے احادیث کی کتب میں نقل کی گئی ہے۔
عن انس قال، قال: رسول اللہﷺ من قرأ إذا سلم الإمام يوم الجمعة قبل أن يثني رجليه فاتحة الكتاب وقل هو الله أحد وقل أعوذ برب الفلق وقل أعوذ برب الناس سبعاً سبعاً ، غفر له ما تقدم من ذنبه وما تأخر وأعطى من الأجر بعدد كل من آمن بالله واليوم الآخر۔ رواہ ابوسعیدالقشیری فی الاربعین لہ عن ابی عبد الرحمن السلمی و فی۔اسنادہ ضعف شدید۔
(ذکرہ الصفوری فی نزھة المجالس ، ج 1 ص 131ط المکتبہ الکاستیہ مصر و موسوعة الحافظ ابن حجر :ج ا ص 569 ، و شعب الإيمان:ج4ص170 حدیث نمبر:2342، ط مكتبة الرشد، و عمل اليوم والليلة لابن السنی ص375 )

ترجمہ:
حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے فرمایا کہ جو شخص جمعہ کے دن جمعہ کی نماز میں امام کے سلام پھیرنے کے بعد اسی حالت میں بیٹھے ہوئے سورة الفاتحہ اور سورة الاخلاص( قُلْ ھُوَ اللہُ اَحَدٌ)اور سورة الفلق( قُلْ أَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ )اور سورة الناس( قُلْ أَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ )سات سات مرتبہ پڑھے گا تو اللہ تعالٰی اسکے اگلے اور پچھلے گناہ معاف کر دے گا اور مومنین کی تعداد کی مقدار سے ثواب عنایت کرے گا اور ایک دوسری روایت میں یوں آیا ہے کہ اللہ تعالٰی اسکے دین و دنیا کی حفاظت اور اہل و اولاد کی نگہداشت کرے گا۔
فیض القدیر اور التنویر شرح الجامع الصغیر میں اس روایت کی تشریح میں لکھا ہے کہ
سکت علیہ المصنف و فی اسنادہ ضعف شدید فان فیہ الحسین البلغی قال الحاکم کثیر المناکیر و حدث عن اقوام لا یحتمل سنہ السماع منھم۔
( فیض القدیر: ج 6 ص 251 ط دارالکتب العلمیہ بیروت و التنویر شرح الجامع الصغیر :ج 10 ص 362 حدیث نمبر 8936، ط ، دارالسلام، ریاض)

یعنی
مصنف (علامہ سیوطی )نے اس روایت پر سکوت اختیار کیا ہے اور اس کی سند شدید ضعیف ہے، کیونکہ اس میں الحسین البلغی راوی ہیں، جن کے بارے میں حاکم نے کہا کہ کثیر المناکیر اور انہوں ایسے روایوں سے روایت نقل کی ہے کہ ان کی عمر ان راویوں سے سماع کا احتمال ہی نہیں رکھتی۔
خلاصہ کلام:
یہ روایت سند کے لحاظ سے انتہائی کمزور ہے ، لہذا آپ علیہ السلام کی طرف اس کی نسبت کرنا اور اسکو پھیلانا درست معلوم نہیں ہوتا۔

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Juma ki namaz kay baad ek khas amal say mutaliq riwayat ki tehqeeq, Researching the narration related to an action after Friday prayers

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Interpretation and research of Ahadees