resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: خواب میں حضرت سیوطیؒ کو بیماری سے شفا کے لئے سکھائی گئی دعا، واقعہ کی تحقیق

(38742-No)

سوال: درج ذیل دُعا مشہور ہے کہ ہمارے محبوب نبی سیدنا محمد ﷺ نے امام جلال الدین سیوطیؒ کو خواب میں سکھائی، جب وہ تقریباً دو ماہ تک بیمار رہے، اس خواب میں سیدنا حمزہؓ بھی نبی کریم ﷺ کے ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے پوچھا کہ اگر کوئی شخص حسد، دشمنوں کے گھیراؤ، قرض کی ادائیگی، جادو، جنّات کے اثرات، یا کسی بھی بڑی مشکل میں مبتلا ہو تو کیا وہ یہ دعا پڑھ سکتا ہے؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "ہاں، یہ مؤثر ہوگی"۔ اس دعا کی برکت سے انہیں شفایابی نصیب ہوئی۔ براہِ کرم واقعہ کی صحت کے حوالہ سے تصدیق فرمادیں۔ دعا یہ ہے: «بِسمِ اللهِ رَبِّیَ الله، حَسبِیَ الله، تَوَکَّلتُ عَلی الله،ِ اِعتَصَمتُ باللهِ، فَوَّضتُ اَمرِی اِلی اللهِ، مَاشَآء الله، لَاقُوَّةَ اِلَّا باللهِ»

جواب: ذکر کردہ واقعہ جس میں علامہ سیوطیؒ کو بیماری سے شفاء کے لیے خواب میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے چند کلمات سکھائے گئے ہیں، کافی تلاش کے باوجود یہ واقعہ ہمیں کسی کتاب میں نہیں ملا ہے، تاہم شیخ یوسف بن اسماعیل نبہانیؒ نے اپنی کتاب "سعادة الدارین في الصلاة علی سید الکونین" میں بغیر کسی متعین فرد کی جانب نسبت کیے بالعموم (بعض صلحاء کے حوالہ سے) خواب کو نقل کیا ہے، لہذا مذکورہ واقعہ کو علامہ سیوطیؒ کی جانب بغیر نسبت کیے نقل کرنا درست ہے، اور واقعہ میں موجود دعا کو پڑھنا بھی درست ہے۔
احادیث مبارکہ میں بیماری اور تنگدستی سے نجات کے لئے مسنون دعا:
"حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ایک روز میں رسول کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ باہر نکلا اس طرح کہ میرا ہاتھ آپ کے ہاتھ میں تھا، آپ کا گزر ایک ایسے شخص پر ہوا جو بہت شکستہ حال اور پریشان تھا آپ ﷺنے پوچھا کہ تمہارا یہ حال کیسے ہوگیا؟ اس شخص نے عرض کیا کہ بیماری اور تنگ دستی نے یہ حال کردیا، آپ ﷺ نے فرمایا کہ میں تمہیں چند کلمات بتلاتا ہوں ،وہ پڑھو گے تو تمہاری بیماری اور تنگدستی جاتی رہے گی ۔وہ کلمات یہ تھے:
"تَوَكَّلْتُ عَلَى الْحَیِّ الَّذِیْ لَا یَمُوْتُ الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي لَمْ يَتَّخِذْ وَلَدًا وَلَمْ يَكُن لَّهُ شَرِيكٌ فِي الْمُلْكِ وَلَمْ يَكُن لَّهُ وَلِيٌّ مِّنَ الذُّلِّ وَكَبِّرْهُ تَكْبِيرًا"۔
اس کے کچھ عرصہ بعد آپ کا اسی شخص پر گزر ہوا تو اس کو پہلے سے بہتر حالت میں پایا آپ نے خوشی کا اظہار فرمایا اس نے عرض کیا کہ جب سے آپ نے مجھے یہ کلمات بتلائے تھے میں پابندی سے ان کو پڑھتا ہوں (ابویعلی و ابن سنی از مظہری) ۔(معارف القرآن، مفتی محمد شفیع عثمانی، تفسیر سورة بنی اسرائیل آیت 111)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل :
سعادة الدارین في الصلاة علی سید الکونین ، للشیخ یوسف بن اسماعیل النبهاني، الفوائد المتعلقة بشفاء الأسقام ودفع الآلام، رقم الصفحة:609، دار الکتب العلمیة:
وقال بعض الصالحین: أصابني وجع شدید ، فرأيت النبي ﷺفي المنام، قد وضع یده علی رأسي، وقال: بسم الله، ربي الله،حسبي الله، توکلت علی الله، اعتصمت بالله، فوّضت أمري إلی الله ، ما شاء الله لاقوة إلا بالله. ثم قال: استکثروا من هذه الکلمات ؛ فإن فيها شفاء من کل سقم وفرجا من کل کرب ، ونصرا علی الأعداء۔

الفردوس بمأثور الخطاب للديلمي ،( باب الياء، ٥ / ٣٤٩، ط: دار الكتب العلمية – بيروت):
" أبو هريرة:"إذا أصابك سقم أو فقر، فقل: "توكلت على الحي الذي لا يموت، الحمد لله الذي لم يتخذ ولدا ولم يكن له شريك في الملك، ولم يكن له ولي من الذلّ وكبّره تكبیرا".

والله تعالی أعلم بالصواب
دار الإفتاء الإخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Interpretation and research of Ahadees