سوال:
لوگوں سے سنا ہے کہ جو اللہ کے راستے میں عید کرے گا، اس کو جنت میں حضور ﷺ کے نکاح میں جانے کا شرف ملے گا، اس کی تحقیق فرمادیں۔
جواب: سوال میں مذکور " اللہ تعالیٰ کے راستے میں عید گزارنے کی فضیلت " سے متعلق کوئی حدیث نہیں ہے، اگر آپ کے پاس اس کا کوئی حوالہ یا دلیل ہے، تو اس کو بھیجیں، ہم اس کی تحقیق کریں گے۔
ہمیں پورے ذخیره حدیث میں اس قسم کی کوئی حدیث نہیں ملی، بظاہر یہ من گھڑت اور موضوع معلوم ہوتی ہے، لہذا جب تک اس کی تحقیق نہ ہو جائے، اس کی نسبت آنحضرت صلی الله عليہ وسلم کی طرف کرنا درست نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کسی بھی نیک عمل کی فضیلت کے لیے من گھڑت قسم کی روایات بیان کرنا ناجائز اور بہت بڑی جسارت ہے اور اس پر ستم یہ ہے کہ ان احادیث پر کسی قسم کا حوالہ بهی موجود نہیں هوتا ہے، جبکہ
صحیح بخاری کی حدیث ہے:
”مَنْ کَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّداً فَلْیَتَبَوَّأ مَقْعَدَہ مِنَ النَّارِ“․
( الجامع الصحیح للبخاري: باب إثم من کذب علی النبيﷺ : ١ /۳۳ ، رقم الحدیث:۱۰۷،ت:محمد زھیربن الناصر، دار طوق النجاة․ بیروت، الطبعة الأولی۱۴۲۲ھ)
ترجمہ :
جس شخص نے مجھ پر جان بوجھ کر جهوٹ بولا ، تو وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنالے۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی