سوال:
السلام علیکم! آج کل میں کینیڈا میں ہوں، یہاں پہلی نومبر سے وقت ایک گھنٹہ آگے کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے، فجر کی اذان جہاں پہلے 06:45 بجے اور اشراق 08:00 بجے ہوتی تھی، اب وقت بدلنے کی وجہ سے 05:45 بجے فجر کی اذان ہو جاتی ہے، جبکہ یہ میرا تہجد پڑھنے کا وقت ہوتا ہے، کیا کروں کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے، عجیب معاملہ ہو رہا ہے کہ کس کو فالو کروں؟ برائے مہربانی اس مسئلے کا حل جلدی بتادیں۔ جزاک اللہ خیرا فی الدارین
جواب: واضح رہے کہ فجر کی نماز کا وقت صبح صادق کے طلوع سے شروع ہو کر طلوعِ آفتاب تک ہوتا ہے اور اسی وقت کے اندر نماز ادا کرنا ضروری ہے، چاہے مقامی اوقات گھڑی کے اعتبار سے تبدیل ہوتے رہیں، اس سے فرق نہیں پڑتا۔ اس اعتبار سے اس علاقے کے مقامی مستند علمائے کرام سے اوقاتِ نماز کی کلینڈر (calendar) حاصل کرکے اس کے مطابق نماز ادا کر سکتے ہیں، اگر کلینڈر حاصل نہ ہوسکے تو درج ذیل معلومات فراہم کرکے دوبارہ رابطہ فرمائیں: (۱) مطلوبہ مقام کا طولِ بلد (Longitude) (۲) مطلوبہ مقام کا عرضِ بلد(Latitude) (۳) مطلوبہ مقام کے اوقات کا گرین وچ (Greenwich) کے اوقات سے فرق۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
رد المحتار: (359/1، ط: دار الفكر)
(من) أول (طلوع الفجر الثاني) وهو البياض المنتشر المستطير لا المستطيل (إلى) قبيل (طلوع ذكاء) بالضم غير منصرف اسم الشمس.
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی