سوال:
مفتی صاحب! آج ہماری مسجد میں امام صاحب فجر کی نماز میں تلاوت کے دوران آیت سجدہ پڑھنا بھول گئے تو پیچھے سے ایک مقتدی حافظ صاحب نے آیت سجدہ والی آیت پڑھ کر لقمہ دے دیا اور امام صاحب لقمہ لے کر وہ آیت سجدہ پڑھ لی، اور سجدہ تلاوت بھی کرلیا، لیکن اب کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ دو سجدہ تلاوت واجب ہوئے ہیں اور کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ایک ہی سجدہ تلاوت واجب ہوا ہے۔ براہ کرم آپ صحیح صورتحال سے آگاہ فرمادیں کہ کتنے سجدہ تلاوت واجب ہوئے ہیں؟
جواب: واضح رہے کہ اگر امام آیتِ سجدہ پڑھنا بھول جائے اور مقتدی کے لقمہ دینے کی وجہ سے آیتِ سجدہ پڑھ لے تو اس صورت میں امام کے آیتِ سجدہ پڑھنے کی وجہ سے صرف ایک ہی سجدہ تلاوت واجب ہوتا ہے، مقتدی کے لقمہ دینے کی وجہ سے دوسرا سجدہ تلاوت واجب نہیں ہوتا، لہذا پوچھی گئی صورت میں صرف ایک ہی سجدہ تلاوت کرنا واجب ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
الفتاویٰ الهندية: (133/1، ط: دار الفكر)
وإن تلا المأموم لم يلزم الإمام ولا المؤتم السجود لا في الصلاة ولا بعد الفراغ منها، كذا في السراج الوهاج.
فتاویٰ رحیمیه: (199/5، ط: دار الاشاعت کراچی)
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی