عنوان: ویران مسجد میں والدہ کے ساتھ باجماعت نماز پڑھنا(13421-No)

سوال: کیا ویران مسجد میں عورت اپنے بیٹے کے پیچھے فجر کی نماز پڑھ سکتی ہے، جبکہ مسجد میں نہ امام ہے اور نہ مؤذن اور نہ ہی کوئی نماز کے لیے آتا ہے؟

جواب: واضح رہے کہ مسجد کو ویران چھوڑنا اور اس میں نماز کے لیے نہ آنا بہت بڑا ظلم اور گناہ ہے، چنانچہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: جس کا ترجمہ ہے: "اور اس شخص سے بڑا ظالم کون ہوگا جو اللہ کی مسجدوں پر اس بات کی بندش لگا دے کہ ان میں اللہ کا نام لیا جائے، اور ان کو ویران کرنے کی کوشش کرے، ایسے لوگوں کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ ان (مسجدوں) میں داخل ہوں مگر ڈرتے ہوئے۔ ایسے لوگوں کے لیے دنیا میں رسوائی ہے اور انہی کو آخرت میں زبردست عذاب ہوگا"۔(سورہ بقرہ، آیت نمبر: 114)
پوچھی گئی صورت میں اولاً مذکورہ مسجد کے قرب و جوار میں رہنے والوں پر لازم ہے کہ اس مسجد میں باقاعدہ پانچ وقت باجماعت نماز پڑھنے کی پابندی شروع کریں، اور جتنے عرصہ تک مسجد کو ویران رکھا ہے، اس پر اللہ کے حضور توبہ و استغفار کریں، البتہ جب تک قرب و جوار کے لوگ مسجد میں نہیں آتے، اس وقت تک مذکورہ شخص اپنی والدہ کے بجائے محلے یا اپنے گھر میں سے کسی مرد یا کسی سمجھدار بچے کو پیچھے کھڑا کرکے باجماعت نماز پڑھنے کا اہتمام کرے، تاہم اگر کبھی والدہ نے پیچھے کھڑے ہوکر اپنے بیٹے کے ساتھ باجماعت نماز پڑھ لی تو نماز ہو جائے گی، لیکن مستقل طور پر والدہ کے ساتھ باجماعت نماز پڑھنے کا معمول بنانا ٹھیک نہیں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القران الکریم: (البقرة، الآية: 114)
وَ مَنۡ اَظۡلَمُ مِمَّنۡ مَّنَعَ مَسٰجِدَ اللّٰہِ اَنۡ یُّذۡکَرَ فِیۡہَا اسۡمُہٗ وَ سَعٰی فِیۡ خَرَابِہَا ؕ اُولٰٓئِکَ مَا کَانَ لَہُمۡ اَنۡ یَّدۡخُلُوۡہَاۤ اِلَّا خَآئِفِیۡنَ ۬ؕ لَہُمۡ فِی الدُّنۡیَا خِزۡیٌ وَّ لَہُمۡ فِی الۡاٰخِرَۃِ عَذَابٌ عَظِیۡمٌ o

سنن ابی داؤد: (رقم الحديث: 569، 426/1، ط: دار الرسالة العالمية)
عن عمرة بنت عبد الرحمن أنها أخبرته أن عائشة زوج النبي - صلى الله عليه وسلم - قالت: لو أدرك رسول الله - صلى الله عليه وسلم - ما أحدث النساء لمنعهن المسجد كما منعه نساء بني إسرائيل. قال يحيى: فقلت لعمرة: أمنعه نساء بني إسرائيل؟ قالت: نعم.

الدر المختار: (566/1، ط: دار الفكر)
(ويكره حضورهن الجماعة) ولو لجمعة وعيد ووعظ (مطلقا) ولو عجوزا ليلا (على المذهب) المفتى به لفساد الزمان.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 168 Dec 13, 2023
veran masjid mein walida k sath ba jamat namaz parhna

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.