عنوان: دائیں جانب سے کام شروع کرنا ایک حدیث کی وضاحت (18079-No)

سوال: مفتی صاحب! بچپن سے ایک حدیث سنتے آرہے ہیں کہ ہمیشہ معاملات کو دائیں ہاتھ سے شروع کریں، اگر کوئی چیز تقسیم کر رہے ہیں تو دائیں ہاتھ سے شروع کریں، چاہے وقت کا بادشاہ بائیں ہاتھ پر ہی کیوں نہ بیٹھا ہو پھر بھی دائیں ہاتھ سے شروع کریں۔ میں نے آج یہ بات کہیں کوٹ کی تو انہوں نے مجھ سے اس حدیث کی سند مانگ لی ہے تو کیا اس کی کوئی سند مل سکتی ہے؟

جواب: واضح رہے کہ ہر اچھے کام کو دائیں طرف سے شروع کرنا جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ کی سنت اور پسندیدہ عمل ہے، جیسا کہ صحیح بخاری میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے: "جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جوتا پہننے میں، کنگھی کرنے میں، پاکی حاصل کرنے میں حتیٰ کہ (ہر شرف اور زینت والے) کام میں دائیں جانب سے شروع کرنے کو پسند فرماتے تھے"۔ (صحیح بخاری، حدیث نمبر: 168)
اسی طرح کوئی چیز تقسیم کرتے وقت دائیں طرف سے شروع کرنا بھی پسندیدہ اور مسنون عمل ہے، جیسا کہ سنن أبی داؤد میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: "ایک آدمی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں دودھ لے کر حاضر ہوا، اس وقت آپ علیہ الصلاۃ والسلام کے دائیں جانب ایک دیہاتی شخص بیٹھا ہوا تھا، جبکہ بائیں جانب حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ تشریف فرما تھے، آپ علیہ الصلاۃ والسلام نے اس دودھ میں سے کچھ پیا، اور جو باقی بچا، اسے آپ علیہ الصلاۃ والسلام نے دائیں طرف بیٹھے ہوئے دیہاتی شخص کو پہلے دیتے ہوئے فرمایا: " الْأَيْمَنُ فَالْأَيْمَنُ " یعنی جو شخص دائیں طرف بیٹھا ہو، پہلے اس کا حق ہے"۔ (سنن أبي داؤد، حدیث نمبر: 3726)
لہذا آپ علیہ الصلاۃ والسلام کے اتباع کی نیت سے ہر اچھے کام کو شروع کرتے وقت یا کوئی چیز تقسیم کرتے وقت دائیں جانب سے ابتداء کرنے کو اختیار کرنا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحيح البخاري: (رقم الحديث: 168، 45/1، ط: دار طوق النجاة)
عن عائشة قالت: «كان النبي صلى الله عليه وسلم يعجبه التيمن في تنعله وترجله وطهوره، في شأنه كله».

سنن أبي داؤد: (رقم الحديث: 3726، 558/5، ط: دار الرسالة العالمية)
عن أنس بن مالك: أن النبي -صلى الله عليه وسلم- أتي بلبن قد شيب بماء، وعن يمينه أعرابي، وعن يساره أبو بكر، فشرب، ثم أعطى الأعرابى وقال: " الأيمن ف الأيمن.

فتح الباري: (270/1، ط: المكتبة السيلفية)
قال النووي: قاعدة الشرع المستمرة استحباب البداءة باليمين في كل ما كان من باب التكريم والتزيين وما كان بضدهما استحب فيه التياسر.

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 258 Jul 01, 2024
dayan janib se kam shuru karna aik hadees ki wazahat

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Interpretation and research of Ahadees

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.