عنوان: کار کی لیزنگ کروانے کا حکم(2209-No)

سوال: السلام علیکم،
مفتی صاحب ! لیزنگ کمپنیز مثلاً اوریکس لیزنگ یا اے ایم سی لیزنگ سے لیز پر کار لینا کیسا ہے؟

جواب: واضح رہے کہ اگر لیزنگ کی مذکورہ کمپنیاں شریعہ کمپلائینٹ (Shariah Compliant) ہیں، تو چونکہ اس میں جید مفتیان کرام کی زیر نگرانی شریعت کے اصولوں کے مطابق کام ہورہا ہوتا ہے، لہذا ان سے کار کی لیزنگ کرانے کی گنجائش ہے، اور اگر وہ کمپنیاں شریعہ کمپلائینٹ نہیں ہیں، تو پھران کے ساتھ مندرجہ ذیل قباحتوں کی وجہ سے معاملہ کرنا جائز نہیں ہے:
واضح رہے کہ غیر شرعی اداراوں میں لیزنگ کا جو طریقہ کار رائج ہے، اس میں بینک اور لیز کرانے والے کے درمیان معاہدہ کے تحت دو عقد ہوتے ہیں، ایک بیع(خرید و فروخت) اور دوسرا اجارہ (کرایہ داری) کا اور یہ طے پاتاہے کہ اقساط میں سے اگر کوئی قسط وقتِِ مقررہ پر جمع نہیں کرائی گئی، تو بینک کی جانب سے مقررہ جرمانہ، لیز کرانے والے شخص پر لازم ہوگا۔ نیز لیزنگ کے رائج طریقِ کار میں دو شرعی قباحتیں ہیں:
1۔ مالی جرمانہ لگانا، جو کہ شرعاً ناجائز ہے:
جیساکہ "فتاوی شامی" میں ہے:
(قوله: لا باخذ مال في المذهب)... ؛ إذ لا يجوز لأحد من المسلمين أخذ مال أحد بغير سبب شرعي".
(باب التعزير:مطلب في التعزير بأخذ المال ٦١/٤ ط:سعيد)

2۔۔ دوسری قباحت لیزنگ میں دو عقدوں کا بیک وقت جمع ہونا ہے، ایک عقدِ بیع کا ، جس کی بنا پر قسطوں کی شکل میں ادائیگی خریدار پر واجب ہوتی ہے اور اسی کے ساتھ ہی اجارہ (کرائے) کا معاہدہ بھی ہوتا ہے، جس کی بنا پر ہر ماہ کرائے کی مد میں بینک خریدار سے کرایہ بھی وصول کرتا ہے، اور یہ دونوں عقد ایک ساتھ ہی کیے جاتے ہیں، جو کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے درج ذیل فرمان کی وجہ سے ناجائز ہیں:
« عن أبي هريرة رضي الله عنه قال: نهی رسول الله صلي الله عليه وسلم عن بيعتين في بيعة". (رواه مالك و الترمذي و أبوداؤد و النسائي)
ترجمہ:
رسول اللہ صلی الله عليه وسلم نے ایک بیع میں دو بیعوں کو جمع کرنے سے منع فرمایا ہے۔
"و عن عمرو بن شعيب عن أبيه عن جده قال: نهی رسول الله صلي الله عليه وسلم عن بيعتين في صفقة واحدة. رواه في شرح السنة.»"
پس مذکورہ بالا شرعی قباحتوں کی وجہ سے غیر شرعی اداروں سے لیزنگ کروانا جائز نہیں ہے۔

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 1946 Oct 03, 2019
car ki leasing karwane ka hokom / hokum, Ruling on Car Leasing

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Business & Financial

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.