سوال:
السلام وعلیکم ورحمه اللہ وبرکاته! بعد سلام کے عرض گزارش یہ ہے کہ ایک آن لائن ایپ سے ارننگ کرنے سے متعلق سوال ہے۔ ایک چائنیز ملٹی نیشنل کمپنی ہے جس کا کام لاجسٹکس اور ٹریڈ کا ہے اور پاکستان کے ٹریڈ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔ اس میں ریجسٹریشن کے بعد 2 دن تک چھوٹے ٹاسک دیے جاتے ہیں اور اس کے بعد مختلف چائینیز شہروں کے حساب سے ڈپازٹ کرنا ہوتا ہے جو کہ سال مکمل ہونے کے بعد واپس ہو جاتا ہے۔ ڈپازٹ کرنےکے بعد آپ کو روز 2 ٹاسک دیے جاتے ہیں، مثلاً: اگر 3200 روپے ڈپازٹ کرتے ہیں تو ماہانہ 3600 ارننگ ہوتی ہے، جس میں سے ٪8 پاکستان گورنمنٹ ٹیکس کاٹتی ہے اور یہ معاہدہ پورے سال کے لیے ہوتا ہے، آپ ہفتے میں اپنی رقم ایزی پیسہ یا جیز کیش سے نکال سکتے ہیں، اس سلسلے میں پوچھنا ہے کہ یہ کام کرنا کیسا ہے؟ جزاک اللہ خیرا کثیرا
جواب: واضح رہے کہ کسی بھی کمپنی کے محض ایک دو معاملات(Transactions) کو دیکھ کر اس کے مکمل کاروبار کے جائز یا ناجائز ہونے کا حکم نہیں لگایا جاسکتا، جب تک اس کمپنی کی مکمل تفصیلات مثلاََ: کاروبار کی نوعیت، کاروبار کا عملی طریقہ کار٬ کمپنی کی قانونی حیثیت اور اس کے تمام پراجیکٹس کی مکمل تفصیلات سامنے نہ ہوں، اس وقت تک کمپنی سے متعلق کوئی شرعی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔
لہذا بہتر یہ ہے کہ آپ اس سلسلے میں متعلقہ کمپنی کے کاروبار کی مکمل تفصیلات اور عملی طریقہ کار لکھ کر جامعہ دارالعلوم کراچی یا کسی قریبی مستند دارالافتاء سے باقاعدہ تحریری فتوی کے ذریعے شرعی حکم معلوم کرکے اس کے مطابق عمل کریں۔
واللہ تعالیٰ أعلم بالصواب
دار الافتاء الاخلاص،کراچی