سوال:
حضرت! کیا قرآن مجید کسی تکیہ پر رکھ کر پڑھ سکتے ہیں اور اگر پڑھ سکتے ہیں تو کیا اس تکیہ کا بھی احترام کرنا لازم آئے گا؟
جواب: واضح رہے کہ ہمارے عرف میں جو تکیہ سر کے نیچے رکھا جاتا ہے اس کو قابل احترام سمجھا جاتا ہے، اس کو پاک صاف رکھنے کا اہتمام کیا جاتا ہے اور اس کے اوپر بیٹھنے یا پاؤں کے ذریعہ روندنے کو ناپسند کیا جاتا ہے، اس قسم کے تکیہ پر قرآن مجید رکھ کر تلاوت کرنا جائز ہے۔
گھر میں جس تکیہ پر قرآن مجید رکھنے کا معمول ہو یا اگر کسی تکیہ کو اس مقصد کے لیے خاص کر دیا گیا ہو تو ضروری ہے کہ اس تکیہ کا احترام کرتے ہوئے اس پر بیٹھا نہ جائے اور اس کو زمین پر گرا کر روندا نہ جائے اور اس کی صفائی اور پاکیزگی کا خاص خیال رکھا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
القرآن الکریم: (سورۃ الواقعة، الآیة: 77- 79)
اِنَّهٝ لَقُرْاٰنٌ كَرِيْمٌ O فِىْ كِتَابٍ مَّكْنُوْنٍ O لَّا يَمَسُّهٝٓ اِلَّا الْمُطَهَّرُوْنَ O
الهندية: (306/3، ط: دار الفکر)
"الأدب هو التخلق بالأخلاق الجميلة والخصال الحميدة في معاشرة الناس ومعاملتهم."
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی