resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: حیض کی آخری مدّت اور پچاس سال کی عمر میں جاری ہونے والے زردی مائل مادہ کا حکم (24952-No)

سوال: ایک عورت کی عمر 50 سال ہے اور تقریباً 5 ماہ سے حیض کا خون پہلے کی طرح ریگیولر آنا بند ہو گیا ہے، لیکن زردی مائل مادہ اکثر جاری رہتا ہے کبھی کبھار بند رہتا ہے تو اس میں ان کے لئے حیض کی مدت مکمل ختم ہے یا ابھی ماہواری کے ایام کے احکام ہی سے نماز وغیرہ کا دھیان رکھا جائیگا؟ اور یہ بھی ذرا وضاحت کر دیں کہ ایسی حالت میں ان کو کہاں تک یعنی کتنے ماہ یا کتنے سال تک حیض کے احکام لاگو رہیں گے، چاہے حیض کے خون کا رنگ صرف اور صرف زردی مائل مادہ جاری رہتا ہو؟

جواب: واضح رہے کہ عام حالات میں حیض آنے کی آخری مدت راجح قول کے مطابق پچپن (55) سال ہے، البتہ اگر کسی عورت کا اس مدت کے بعد بھی سرخ یا سیاہ خون تین دن تک جاری رہے تو وہ حیض شمار ہوگا، اسی طرح جس عورت کو پچپن سال سے قبل بھی سرخ یا سیاہ رنگ کے علاوہ خون آتا ہو اور پچپن سال کے بعد بھی اسی رنگ کا آتا ہو تو ایسی عورت پچپن سال کے بعد بھی حائضہ شمار ہوگی۔ نیز زرد رنگ بھی حیض کے چھ رنگوں میں شامل ہے۔
چونکہ سوال میں ذکر کردہ میں عورت کی عمر فی الحال پچاس سال ہے، لہذا آنے والے زردی مائل مادہ کو حیض ہی شمار کیا جائے گا، جسے مذکورہ عورت اپنی سابقہ عادت کے مطابق حیض شمار کرے گی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

دلائل:

الدر المختار مع رد المحتار: (304/1، ط: دار الفكر)
(وقيل: يحد بخمسين سنة وعليه المعول) والفتوى في زماننا مجتبى وغيره (تيسيرا) وحده في العدة بخمس وخمسين. قال في الضياء: وعليه الاعتماد (وما رأته بعدها) أي: المدة المذكورة (فليس بحيض في ظاهر المذهب) إلا إذا كان دما خالصا فحيض حتى يبطل به الاعتداد بالأشهر.
قوله: وحده) أي: المصنف في باب العدة. قال في البحر: وهو قول مشايخ بخارى وخوارزم ح وبخط الشارح في هامش الخزائن. قال قاضي خان وغيره: وعليه الفتوى. وفي نكت العلامة قاسم عن المفيد أنه المختار، ومثله في الفيض وغيره. اه.
قوله: دما خالصا) أي كالأسود والأحمر القاني درر. قال الرحمتي: وتقدم عن الفتح أنه لو لم يكن خالصا وكانت عادتها كذلك قبل الإياس يكون حيضا.

الھندیة: (36/1، ط: دار الفكر)
(ومنها) أن يكون على لون من الألوان الستة: السواد والحمرة والصفرة والكدرة والخضرة والتربية هكذا في النهاية.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Women's Issues