resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: میت کی آنکھیں کھلی رہنے سے متعلق عوام کا غلط تصّور (27015-No)

سوال: مفتی صاحب! جب میت کی آنکھیں کھلی ہوں تو لوگ کہتے ہیں کہ کسی کے دیدار کے لیے کھلی ہوئی ہیں، اس بات میں کتنی صداقت ہے اور یہ کیوں کھلی ہوتی ہیں؟ نیز جب میت کی آنکھیں کھلی ہوں اور بند کرنے سے بھی بند نہ ہوں تو کیا کرنا چاہیے؟ رہنمائی فرمائیں۔

جواب: واضح رہے کہ میّت کی آنکھیں کھلی رہنے سے متعلق بعض احادیث مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ جب انسان کی روح نکلتی ہے تو آنکھیں اس کا پیچھا کرتی ہیں، چنانچہ ایک حدیث میں ہے کہ امّ المؤمنین امّ سلمہ رضی اللّٰہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم ابوسلمہ رضی اللّٰہ عنہ کے پاس گئے، ان کی آنکھ کھلی ہوئی تھی تو آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے اسے بند کر دیا، پھر فرمایا: ”جب روح قبض کی جاتی ہے تو آنکھ اس کا پیچھا کرتی ہے“۔(سنن ابن ماجہ،حدیث نمبر:1454)
اس حدیث کا مطلب شُرّاح نے یہ بیان کیا ہے کہ وہ روح کو جاتے وقت دیکھتا ہے اور پھر آنکھ بند کرنے کی طاقت نہیں رہتی، اس لیے آنکھ کھلی رہتی ہے، آنکھ کھلی رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، لہٰذا آنکھ بند کردینی چاہیے۔
اس کے علاوہ عوام میں جو مشہور ہے کہ میّت کی آنکھیں کسی کے دیدار کے لیے کھلی رہتی ہیں، یہ بالکل من گھڑت اور بے بنیاد بات ہے،، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، نیز یہ کہ اگر میّت کی آنکھیں کھلی ہوئی ہوں تو ان کو نرمی کے ساتھ بند کر دینا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

سنن ابن ماجه:(باب ما جاء في تغميض الميت،رقم الحدیث:1454)
حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ أَسَدٍ ، قَالَ : حَدَّثَنَا مُعَاوِيَةُ بْنُ عَمْرٍو ، قَالَ : حَدَّثَنَا أَبُو إِسْحَاقَ الْفَزَارِيُّ ، عَنْ خَالِدٍ الْحَذَّاءِ ، عَنْ أَبِي قِلَابَةَ ، عَنْ قَبِيصَةَ بْنِ ذُؤَيْبٍ ، عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ ، قَالَتْ : دَخَلَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى أَبِي سَلَمَةَ وَقَدْ شَقَّ بَصَرُهُ ، فَأَغْمَضَهُ، ثُمَّ قَالَ : " إِنَّ الرُّوحَ إِذَا قُبِضَ تَبِعَهُ الْبَصَرُ ".

الفتاویٰ الھندیة:(کتاب الجنائز،332/1،ط: رشیدیة)
ﻓﺈﺫا ﻣﺎﺕ ﺷﺪﻭا ﻟﺤﻴﻴﻪ ﻭﻏﻤﻀﻮا ﻋﻴﻨﻴﻪ ﻭﻳﺘﻮﻟﻰ ﺃﺭﻓﻖ ﺃﻫﻠﻪ ﺑﻪ ﺇﻏﻤﺎﺿﻪ ﺑﺄﺳﻬﻞ ﻣﻤﺎ ﻳﻘﺪﺭ ﻋﻠﻴﻪ ﻭﻳﺸﺪ ﻟﺤﻴﺎﻩ ﺑﻌﺼﺎﺑﺔ ﻋﺮﻳﻀﺔ ﻳﺸﺪﻫﺎ ﻓﻲ ﻟﺤﻴﻪ اﻷﺳﻔﻞ ﻭﻳﺮﺑﻄﻬﺎ ﻓﻮﻕ ﺭﺃﺳﻪ، ﻛﺬا ﻓﻲ اﻟﺠﻮﻫﺮﺓ اﻟﻨﻴﺮﺓ.

احکام میت:(نزع کی حالت میں میت کے ساتھ معاملہ،ص:40،ط:ادارہ الفاروق کراچی)

واللّٰہ تعالیٰ اعلم بالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Beliefs