سوال:
السلام علیکم، مفتی صاحب! ہمارے علاقہ میں مسجد میں آویزاں نقشہ کے مطابق عشاء کی نماز کے داخل ہونے کا وقت 9 بجے ہے، لیکن مساجد میں اذان ساڑھے آٹھ بجے سے شروع ہو جاتی ہیں تو کیا گھر میں موجود عورتیں یا مرد حضرات (بوجہ بیماری وغیرہ) 9 بجے سے پہلے نماز پڑھ سکتے ہیں؟ جزاک اللہ
جواب: واضح رہے کہ نماز کے صحیح ہونے کی ایک شرط یہ ہے کہ اس نماز کا وقت داخل ہو چکا ہو، پھر اگر وہ نماز وقت کے اندر پڑھی جائے تو وہ ادا شمار ہوگی اور جو وقت نکلنے کے بعد پڑھی جائے وہ قضا شمار ہوگی، اور جو نماز وقت سے پہلے پڑھی جائے، وہ نہ ادا شمار ہوگی اور نہ ہی قضا، اور اس نماز سے اس وقت کی فرضیت ساقط نہیں ہوگی، بلکہ وہ نماز وقت داخل ہونے کے بعد دوبارہ پڑھنا لازم ہوگی۔
لہذا پوچھی گئی صورت میں گھر میں خواتین یا معذور مرد حضرات وقت داخل ہونے کے بعد نماز پڑھتے ہوں تو ان کی نماز ادا ہوجائے گی اور اگر وقت داخل ہونے سے پہلے نماز پڑھتے ہوں تو ان کی نماز ادا نہیں ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
بدائع الصنائع: (121/1)
ومنھا الوقت لان الوقت کما ھو مسبب لوجوب الصلاۃ فھو شرط لادائھا۔۔۔۔۔۔۔ حتی لا یجوز اداء الفرض قبل وقتہ ۔۔۔الخ۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی