resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: مغرب میں تین رکعت کے بجائے چار رکعت پڑھنے سے نماز کا حکم (27037-No)

سوال: السلام علیکم! میرا سوال یہ ہے کہ اگر امام مغرب میں تین کے بجائے چار رکعت نماز پڑھا دے اور سجدہ سہو بھی کر لے تو کیا نماز ہو جائے گی؟

جواب: واضح رہے کہ مغرب میں تین رکعتیں فرض ہیں، لہذا اگر کسی شخص نے سہواً چار رکعتیں پڑھ لی ہوں اور تیسری رکعت کے بعد قعدہ اخیرہ میں تشہد کے بقدر بیٹھ گیا ہو تو ایسے شخص کی سجدہ سہو کے ساتھ نماز ہو جائے گی، اس صورت میں تین رکعتیں فرض شمار ہوں گی اور چوتھی رکعت لغو ہو جائے گی، لیکن اگر سجدہ سہو نہیں کیا تو وقت کے اندر ایسی نماز کا اعادہ واجب ہوگا اور وقت گزرنے کے بعد اعادہ کرنا مستحب ہوگا، البتہ اگر تیسری رکعت کے بعد قعدہ اخیرہ میں نہ بیٹھا ہو تو نماز فاسد ہوجائے گی، اور اس صورت میں وقت کے اندر اعادہ یا وقت گزرنے کے بعد قضاء کرنا واجب ہوگا۔
لہذا پوچھی گئی صورت میں اگر امام صاحب تیسری رکعت میں قعدہ اخیرہ میں تشھد کے بقدر بیٹھ گئے تھے تو نماز کے آخر میں سجدہ سہو کرنے سے نماز ہوجائے گی اور اگر قعدہ اخیرہ میں تشھد کے بقدر نہیں بیٹھے تھے تو امام صاحب سمیت تمام مقتدیوں کی نماز فاسد ہوگئی، سب کو وقت کے اندر اس نماز کا اعادہ یا وقت گزرنے کے بعد قضاء کرنا ضروری ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الدر المختار مع رد المحتار: (2/ 86، ط: دارالفکر)
"[تنبيه] لم يصرح بالمغرب كما صرح بالفجر والعصر مع أنه صرح به القهستاني، ومقتضاه أنه يضم إلى الرابعة خامسة، لكن في الحلية: لايضم إليها أخرى لنصهم على كراهة التنفل قبلها، وعلى كراهته بالوتر مطلقاً. اه.
قلت: ومقتضاه أنه إذا سجد للرابعة يسلم فوراً ولايقعد لها لئلايصير متنفلاً قبل المغرب. وقد يجاب بما يشير إليه الشارح بأن الكراهة مختصة بالتنفل المقصود، فلا ضرورة إلى قطع الصلاة بالسلام؛ وأما أنه لايضم إليها خامسةً، فظاهر لئلايكون تنفلاً بالوتر، فالأوجه عدم ذكر المغرب كما فعل الشارح. ثم رأيت في الإمداد قال: وسكت عن المغرب؛ لأنها صارت أربعاً فلايضم فيها".

امداد الاحکام: (678/1)

کذا فی فتاوی بنوری تاؤن: رقم الفتوی: (144010200070)

والله تعالىٰ أعلم بالصواب ‏
دارالإفتاء الإخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)