resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: شدید مجبوری کے بغیر قرضہ لینا پسندیدہ نہیں ہے (27063-No)

سوال: مفتی صاحب! لوگوں کو بعض مجبوریوں کی وجہ سے قرض لینے کی ضرورت پڑتی ہے تو اسلام نے قرض لینے کو بدترین چیز اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے سب سے زیادہ نفرت انگیز فعل کیوں قرار دیا ہے؟

جواب: واضح رہے کہ شریعت میں قرض لینا فی نفسہ جائز ہے، لیکن بلا ضرورت قرض کا معاملہ کرنا پسندیدہ عمل نہیں ہے، مسند احمد کی ایک روایت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے شدید مجبوری کے بغیر قرضہ لینے سے منع فرمایا ہے۔ (مسند احمد: 17443)
قرض درحقیقت ایک بوجھ ہے، قرض لینے کے بعد آدمی مستقل دباؤ میں رہتا ہے، اور اس دوران کبھی قرض کی ادائیگی میں تاخیر کی وجہ سے جھوٹ اور وعدہ خلافی کا مرتکب ہو جاتا ہے، اور یوں اپنے محسنوں اور بہترین دوستوں سے تعلّقات بھی خراب ہو جاتے ہیں، اور اگر خدا نخواستہ قرض لوٹائے بغیر آدمی کا انتقال ہو جائے تو یہ قرض آدمی کے لیے آخرت میں بھی رسوائی کا باعث بنتا ہے، اور اس شخص کی بخشش اس وقت تک نہیں ہوتی جب تک کہ اس کی طرف سے قرض ادا نہ کردیا جائے، حدیث شریف میں آتا ہے کہ جان بوجھ کر قرض ادا نہ کرنے والا قیامت کے دن اللہ تعالٰیٰ کے سامنے چور کی شکل میں حاضر کیا جائے گا۔ (ابن ماجہ: حدیث نمبر: 2410)
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود قرض کا معاملہ فرمایا ہے، اور مالدار مسلمانوں کو ضرورت مندوں کی حاجت پوری کرنے کےلئے قرضہ دینے کی ترغیب بھی دی ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ آپ علیہ السلام نے قرض سے پناہ بھی مانگی ہے، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ بغیر شدید مجبوری کے ایک مسلمان کو قرض نہیں لینا چاہیے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

صحیح البخاری: (رقم الحدیث:2387، ط: دار طوق النجاۃ)
عن أبي هريرة رضي الله عنه، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: من أخذ أموال الناس يريد أداءها أدى الله عنه، ومن أخذ يريد إتلافها أتلفه الله۔

سنن ابن ماجه: (رقم الحدیث: 2410، ط: دارالجیل)
عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ ‏؛ أَيُّمَا رَجُلٍ يَدَيَّنُ دَيْنًا وَهُوَ مُجْمِعٌ أَنْ لاَ يُوَفِّيَهُ إِيَّاهُ لَقِيَ اللَّهَ سَارِقًا ۔

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Loan, Interest, Gambling & Insurance