سوال:
میری آن لائن اکیڈمی ہے، کچھ والدین مجھے رواں مہینے کی فیس ایڈوانس دے دیتے ہیں تو کیا میں یہ رول بنا سکتا ہوں کہ رواں مہینے کی فیس ہر صورت (طالب علم کے اخراج یا اکیڈمی خود چھوڑ دینے یا میری اپنی جانب سے خود کلاسس کسی بھی وجہ سے معطل کرنے یا معطل ہونے کی صورت) میں فیس ناقابلِ واپسی ہو گی۔ کیا میں یہ رول بنا سکتا ہوں؟
2) اسی طرح کچھ والدین خود ہی اگلے دو تین ماہ کی فیس مجھے ایڈوانس دے دیتے ہیں تو کیا اس صورت میں یہ رول بنا سکتا ہوں میں کہ طالب علم کے اخراج یا اکیڈمی خود چھوڑ دینے یا میری اپنی جانب سے خود کلاسس کسی بھی وجہ سے معطل کرنے یا معطل ہونے کی صورت) میں ایڈوانس مہینوں کی فیس ناقابلِ واپسی ہو گی۔ کیا میں یہ رول بنا سکتا ہوں؟ از راہِ کرم رہنمائی فرما دیجیے۔
جواب: واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں بچوں سے جو فیس لی جاتی ہے، وہ ان کو تعلیمی اور تربیتی خدمات فراہم کرنے کے عوض لی جاتی ہے، لہذا پوچھی گئی دونوں صورتوں میں بہتر اور بے غبار طریقہ یہ ہے کہ آپ مذکورہ اصول کے بجائے یہ اصول بنائیں: "طالب علم کے اخراج یا خود اکیڈمی چھوڑ دینے یا اکیڈمی کی طرف سے کسی وجہ سے کلاسس کسی وجہ سے معطل کرنے یا معطل ہونے کی صورت میں جتنے دن اس نے اکیڈمی سے تعلیم حاصل کی ہوگی، صرف ان دونوں کی فیس لے کر باقی واپس کردی جائے گی"۔
البتہ سوال میں مذکور دونوں صورتوں میں اگر آئندہ کے لیے یہ اصول بنا لیا جائے کہ: "اگر کسی مہینے میں کچھ دنوں (مثلاً تین یا پانچ دنوں) کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد کسی بھی وجہ سے تعلیمی سلسلہ منقطع ہوجائے تو ایسی صورت میں ایڈوانس لی گئی فیس ان دنوں کی مکمل فیس شمار کی جائے گی جو کہ نا قابل واپسی ہوگی"۔
اگر یہ اصول داخلہ کے وقت ہی بچوں یا ان کے سرپرستوں کو واضح طور پر بتا دیا جائے (اور بہتر ہے کہ تحریری صورت میں بھی لایا جائے) تو اس کی گنجائش ہے۔
نیز اس سلسلے میں یہ صورت بھی اختیار کی جاسکتی ہے کہ داخلہ کے وقت کچھ داخلہ فیس مقرر کی جائے جو کہ ناقابل واپسی ہوگی، چنانچہ رواں مہینے بچے کے اسکول چھوڑنے یا اکیڈمی کی طرف سے کلاسز معطل ہونے کی صورت میں وہ داخلہ فیس ناقابل واپسی ہوگی، جس میں شرعاً کوئی حرج نہیں ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:
الفتاوى الهندية: (413/4، ط: دار الفكر)
ثم الأجرة تستحق بأحد معان ثلاثة إما بشرط التعجيل أو بالتعجيل أو باستيفاء المعقود عليه فإذا وجد أحد هذه الأشياء الثلاثة فإنه يملكها، كذا في شرح الطحاوي.
امداد الاحکام: (582/3، ط: مکتبہ دارالعلوم کراچی)
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی