resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: کینیڈا میں ملازمت کے دوران عصر کی نماز مثل اول کے بعد پڑھنا (27072-No)

سوال: میرا کزن کینیڈا میں ہوتا ہے، وہ جس آفس میں ملازمت کرتا ہے، وہاں زیادہ تر لوگ اہلِ حدیث ہیں اور وہ عصر کی نماز جلدی پڑھ لیتے ہیں تو کیا میرا کزن بھی ان کے ساتھ عصر کی نماز پڑھ لیا کرے یا اپنے وقت پر پڑھا کرے؟ براہ کرم رہنمائی فرمادیں۔

جواب: فقہ حنفی میں مفتیٰ بہ قول کے مطابق عصر کی نماز کے وقت کی ابتدا ہر چیز کے سائے کے (زوال کے وقت کے سائے کے علاوہ) دو مثل یعنی دوگنا ہوجانے کے بعد ہوتی ہے، اس لیے بلا عذر اس وقت سے قبل عصر کی نماز پڑھنا درست نہیں ہے، البتہ اگر کوئی شدید عذر ہو تو پہلے پڑھنے کی گنجائش ہے۔
پوچھی گئی صورت میں اگر آفس میں مثلین کے بعد دوسری جماعت کرانے میں فتنہ کا اندیشہ نہ ہو یا آفس کے علاوہ قریبی مسجد میں حنفی مسلک کی رعایت کرتے ہوئے عصر کی نماز (مثلین کے بعد) ہوتی ہو تو وہاں جا کر عصر کی نماز اپنے وقت پر پڑھیں اور اگر ایسی کوئی صورت ممکن نہ ہو تو چونکہ آئمہ ثلاثہ رحمہم اللہ کے ساتھ احناف میں سے حضرات صاحبین رحمہما اللہ کے نزدیک بھی مثل اول میں عصر کی نماز پڑھنا جائز ہے، اس لئے مستقل طور پر جماعت سے نماز چھوڑنے کے بجائے ایسے عذر اور مجبوری کی صورت میں مثل اول میں عصر کی نماز ادا کرنے کی گنجائش ہوگی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الدر المختار مع رد المحتار: (359/1، ط: دار الفکر)
(ووقت الظهر من زواله) أي ميل ذكاء عن كبد السماء (إلى بلوغ الظل مثليه) وعنه مثله، وهو قولهما وزفر والأئمة الثلاثة . قال الإمام الطحاوي: وبه نأخذ. وفي غرر الأذكار: وهو المأخوذ به. وفي البرهان: وهو الأظهر. لبيان جبريل. وهو نص في الباب. وفي الفيض: وعليه عمل الناس اليوم وبه يفتى....(ووقت العصر منه إلى) قبيل (الغروب)۔
(قوله: وعليه عمل الناس اليوم) أي في كثير من البلاد، والأحسن ما في السراج عن شيخ الإسلام أن الاحتياط أن لا يؤخر الظهر إلى المثل، وأن لا يصلي العصر حتى يبلغ المثلين ليكون مؤديا للصلاتين في وقتهما بالإجماع، وانظر هل إذا لزم من تأخيره العصر إلى المثلين فوت الجماعة يكون الأولى التأخير أم لا، والظاهر الأول بل يلزم لمن اعتقد رجحان قول الإمام تأمل.

کذا فی فتاوی بنوری تاؤن: رقم الفتوی: (144004200040)

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Salath (Prayer)