resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: جب مجلس میں کسی کی غیبت ہونے لگے تو کیا کرنا چاہیے؟(2769-No)

سوال: السلام علیکم، حضرت میں نے یہ پوچھنا ہے کہ جس محفل میں غیبت ہو رہی ہو، منع کرنے کے باوجود بھی بندہ رک نہ رہا ہو اور اس محفل سے اٹھ کر جانا بھی مشکل ہو رہا ہو، تو اس صورت میں بندہ کیا کرے، جو غیبت کے گناہ سے بچ جائے؟ جزاک اللہ

جواب: واضح رہے کہ جس طرح غیبت کرنے کا سخت گناہ ہے، اسی طرح غیبت سننے کا بھی گناہ ہے، لہذا جب مجلس میں غیبت ہونے لگے، تو اگر منع کرنے کی استطاعت ہو تو نرمی سے منع کرنا چاہیے اور اگر منع کرنے کی استطاعت نہ ہو، تو غیر محسوس طریقے سے باتوں کا رخ کسی اور موضوع کی طرف موڑ دینا چاہیے اور اگر اس کی بھی استطاعت نہ ہو، تو کسی بہانے سے مجلس سے اٹھ کر چلے جانا چاہیے۔
اس سلسلے میں نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی بہت اہم حدیث ہے، جس میں غیبت سے منع کرنے کی بہت فضیلت وارد ہوئی ہے اور استطاعت ہونے کے باوجود منع نہ کرنے پر سخت وعید بھی آئی ہے۔
مصنف عبد الرزاق میں ہے:
عن أنس قال قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: "من اغتيب عنده أخوه المسلم فنصره، نصره الله في الدنيا والآخرة، وإن لم ينصره أدركه الله في الدنيا والآخرة".
(مصنف عبد الرزاق: ١١/ ١٧٨، رقم الحديث: ٢٠٢٥٨ باب الاغتياب والشتم)
وروي هذا الحديث عن أنس رضي الله عنه في الزهد لهناد: ص: ٥٦٦، رقم الحديث: ١١٨٠، باب الغيبة، وفيه: (بعد"وإن لم ينصره") "وهو يستطيع نصره، أذله الله في الدنيا والآخرة"
ترجمہ:
حضرت انس رضی اللّٰہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس آدمی کے سامنے اس کے مسلمان بھائی کی غیبت کی جائے اور وہ اپنے مسلمان بھائی کا دفاع کرکے اس کی مدد کرے گا، تو اللہ تعالٰی دنیا و آخرت میں اس کی مدد فرمائے گا اور جو باوجود طاقت ہونے کے اپنے مسلمان بھائی کی غیبت پر اس کا دفاع کر کے اس کی مدد نہیں کرے گا، تو اللہ تعالٰی بھی دنیا و آخرت میں اس کی مدد نہیں فرمائے گا، ( اس حدیث کے دوسرے طریق میں ہے) اللہ تعالٰی ایسے شخص کو دنیا و آخرت میں ذلیل و رسوا کرے گا۔
لہذا غیبت جیسے مہلک گناہ سے خود بھی بچنا چاہیے اور حتی الوسع جس کی غیبت کی جارہی ہو اس کا دفاع بھی کرنا چاہیے۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

jab majlis me / mein kisi ki gheebat hone lage to kia karna chahiye?, What to do when someone in the assembly / meeting / gathering starts backbiting?

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Characters & Morals