عنوان: صدقہ میں کیا چیز دینی چاہیے؟(2782-No)

سوال: مفتی صاحب ! رہنمائی فرمائیں کہ صدقے کی مد میں کس جانور کو ذبح کرنا جائز ہے،مرغی، بکرا، گائے، بھینس، اونٹ وغیرہ یا پھر صرف بکرا ذبح کرنا جائز ہے، یا صدقے کی مد میں رقم دی جاسکتی ہے؟

جواب: واضح رہے کہ شریعت میں صدقہ کا تصور یہ ہے کہ اللہ کی رضا کی خاطر اپنی مصیبتوں اور برائیوں کو ٹالنے یا کسی نعمت کے شکرانے کے طور پر کوئی بھی چیز کسی کو صدقہ میں دیکر اس کی ضرورت کو پورا کرنا۔
اگر اس کی ضرورت گوشت کی ہو، تو اسے گوشت دیا جا سکتا ہے اور اگر اسے چاول، آٹا، چینی، لحاف، بستر یا رقم کی ضرورت ہو تو اسے یہ اشیاء دے کر اس کی ضرورت کو پورا کیا جائے، تو یہ بھی صدقہ کہلائے گا۔
چنانچہ سوائے چند صورتوں (حج، عید الاضحیٰ کی قربانی اور عقیقہ وغیرہ)کے شریعت نے کہیں بھی صدقہ میں جانور ذبح کرنے کو لازم قرار نہیں دیاہے، جیسا کہ عوام میں صدقہ کے بارے میں مشہور ہے کہ بکرا ہی صدقہ میں دیا جائے، تو صدقہ ادا ہوتا ہے اور خاص طور پر کالا بکرا، اس سے بلائیں دور ہوتی ہیں اور یہ جان کے بدلے جان کا فدیہ ہے۔
خوب سمجھنا چاہیے کہ شریعت میں ان باتوں کا کوئی تصور موجود نہیں ہے، بلکہ یہ ہندوؤں کے اثرات اور ان کی تعلیمات کا نتیجہ ہے۔
اس سلسلے میں دیکھا یہ گیا ہے کہ فقیر کی بنیادی ضرورت پوری نہیں ہورہی ہوتی اور اسے بکرے کا گوشت دیا جارہا ہوتا ہے، اس گوشت کے بجائے، اگر اس کو رقم یا راشن دے دیا جائے تو کئی دن وہ اس سے اپنے گھر کا خرچ چلا سکتا ہے، لہذا صدقہ کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ اسے نقد رقم دے دی جائے ۔
تاکہ وہ اس رقم کو اپنی ضروریات میں صرف کرسکے،
یہاں یہ بات بھی ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ بعض لوگ اس نیت سے بکرا ذبح کرتے ہیں، تاکہ جان کے بدلے جان کا فدیہ ادا ہوجائے اور انسان کی جان محفوظ ہوجائے، تو اگر صرف یہ نیت ہو تو بکرا ذبح کرنے کا یہ طریقہ غیر شرعی ہے۔
ہاں! اگر بکرا یا کوئی بھی جانور ذبح کرنے سے مقصود صرف اللہ کی رضا ہو، تاکہ اس کا گوشت فقراء ومساکین کو کھلایا جاسکے، تو اس نیت سے بکرا وغیرہ قربان کرنا جائز ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

الفقہ الاسلامی و ادلتہ: (2056/3، ط: دار الفکر)
يستحب أن يتصدق بما تيسر، ولا يستقله، ولا يمتنع من الصدقة به لقلته وحقارته، فإن قليل الخير كثير عند الله تعالى، وما قبله الله تعالى وبارك فيه، فليس هو بقليل (١)، قال الله تعالى: {فمن يعمل مثقال ذرة خيرا يره} [الزلزلة:٧/ ٩٩]، وفي الصحيحين عن عدي بن حاتم: «اتقوا النار ولو بشق تمرة» وفي الصحيحين أيضا عن أبي هريرة: «يا نساء المسلمات لا تحقرن جارة أن تهدي لجارتها ولو فرسن شاة» والفرسن من البعير والشاة كالحافر من غيرهما. وروى النسائي وابن خزيمة وابن حبان عن أبي هريرة: «سبق درهم مئة ألف درهم، فقال رجل: وكيف ذاك يا رسول الله؟ قال: رجل له مال كثير أخذ من عرضه - جانبه- مئة ألف درهم تصدق بها، ورجل ليس له إلا درهمان، فأخذ أحدهما، فتصدق به».

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 3464 Dec 05, 2019
sadqa me / mein kia cheez deni chahiye, What should be given in charity?

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Zakat-o-Sadqat

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.