resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: انبیاء، صحابہ کرام اور اولیائے عظام سے ان کی دنیوی زندگی یا وفات کے بعد دعاؤں کی درخواست کرنا (29120-No)

سوال: حضرت! ایک مسئلے کے بارے میں رہنمائی درکار ہے کہ کیا کسی ولی، نبی یا بزرگ سے دعا مانگی جا سکتی ہے؟ ایک بات اور کہ ہمیں ایک مفتی صاحب نے بتایا ہے کہ ایک نبی کی امت سے کچھ گناہ سر زد ہو گیا اور جب اس نے توبہ کی تو اللّٰہ تعالیٰ کی طرف سے انہیں کہا گیا کہ کہ وہ اپنے نبی سے مغفرت طلب کریں اور ان کے نبی اللّٰہ سے ان کے لیے بخشش طلب کریں گے۔ کیا یہ درست ہے؟ وضاحت فرما دیں۔

جواب: واضح رہے کہ کسی نبی، صحابی یا کسی بھی متّبع سنت بزرگ سے ان کی دنیوی حیات میں دعاؤں کی درخواست کرنا جائز ہے، لیکن ان کی وفات کے بعد قبر پر براہ راست ان سے دعا کی اس طرح درخواست کرنا کہ آپ میری دعا قبول فرمائیں، جائز نہیں ہے، البتہ انبیائے کرام، صحابہ کرام اور اولیائے عظام کی وفات کے بعد ان کے وسیلے سے دعا کرنا جائز ہے اور اس میں یہ عقیدہ رکھا جائے کہ جن کے وسیلے سے دعا مانگی جارہی ہے وہ اللہ تعالیٰ کے مقرّب اور مقبول بندے ہیں، اس لیے ان کا وسیلہ دینے سے دعا کی قبولیت کی زیادہ امید کی جاسکتی ہے۔ تاہم وسیلہ کے ساتھ دعا کرنا لازمی نہیں ہے، اس کے بغیر بھی دعا کرسکتے ہیں، لہذا اس کو لازم اور ضروری سمجھنا درست نہیں ہے۔
نیز سوال میں ذکر کردہ واقعہ ہمارے علم میں نہیں ہے، لہذا جس مفتی صاحب نے یہ واقعہ بیان کیا ہے، ان سے اس کا حوالہ (اصل کتاب اور صفحہ وغیرہ) طلب کر کے دارالافتاء بھیج دیں، اس کے بعد اس بارے میں کوئی رائے دی جاسکتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

سنن ترمذی: (رقم الحدیث: 3578)
عن عثمان بن حنیف، أن رجلا ضریر البصر أتی النبي صلی اللہ علیہ وسلم فقال: ادع اللہ أن یعافیني قال: إن شئت دعوت، وإن شئت صبرت فھو خیر لک․ قال: فادعہ، قال: فأمرہ أن یتوضأ فیحسن وضوئہ ویدعو بھذا الدعاء: اللھم إني أسألک وأتوجہ إلیک بنبیک محمد نبي الرحمة، إني توجھت بک إلی ربي في حاجتي ھذہ لتقضی لی، اللھم فشفعہ فی : قال الترمذي: ھذا حدیث حسن صحیح غریب وزاد الحاکم في ہذہ الواقعة ”فدعا بہذا الدعاء فقام وقد أبصر“

المھنّد علی المفنّد: (ص: 28، ط: البیان ناشر)
عندنا وعند مشایخنا ویجوز التوسّل فی الدعوات بالانبیاء و الصالحین من الاولیاء والشھداء و الصدیقین فی حیاتھم وبعد وفاتھم.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Beliefs