عنوان:
سورج گرہن کی حقیقت اور احکام(3011-No)
سوال:
السلام علیکم ورحمة الله وبركاته،
مفتی صاحب ! سورج گرہن کیا ہوتا بے اور کیوں ہوتا ہے اور سورج گرہن ہو تو کیا کرنا چاہیے؟
جواب: واضح رہے کہ سورج گرہن اللہ تعالی کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے، اور اس کی ظاہری حقیقت یہ ہے، جو علم فلکیات کے ماہرین بیان کرتے ہیں کہ جب چاند سورج اور زمین کے درمیان میں آجائے، تو اس وقت سورج گرہن ہوتا ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اپنے بیٹے حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کی وفات کے موقع پر جب سورج گرہن ہوا، تو کچھ لوگ یہ بات کرنے لگے کہ حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کی وفات کی وجہ سے سورج گرہن ہوگیا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جب لوگوں کی یہ بات سنی تو اس کی حقیقت کو یوں بیان فرمایا: بلاشبہ سورج اور چاند اللہ تعالی کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے، کسی کی موت اور حیات کی وجہ سے گرہن نہیں ہوتے، لیکن اللہ تعالی اس کے ذریعے سے اپنے بندوں کو ڈراتا ہے۔
نیز سورج گرہن کے وقت درج ذیل باتوں کا اہتمام کرنا چاہیے۔
1)سورج گرہن کے وقت نوافل اور دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔
2) اللہ تعالی سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنا چاہیے۔
3) ذکر واذکار میں مشغول رہنا چاہیے۔
4) حسب استطاعت صدقہ دینا چاہیے۔
5) اللہ تعالی کی نافرمانی والے اعمال سے اس روز خاص طور پر بچنے کا اہتمام کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
مشکوٰۃ المصابیح: (119/1)
عن ابی موسی قال خسفت الشمس التی برسل اﷲ لاتکون لموت احد ولا لحیاتہ ولکن یخوف اﷲ بھا عبادہ فاذا رأیتم شیئًا من ذلک فانترعوا الی ذکر ودعائہ واستغفارہ وفی روایۃ فانزعوا الی الصلاۃ‘‘
صحیح البخاري: (باب الصلاۃ في کسوف الشمس، رقم الحدیث: 1030)
عن أبي بکرۃ قال: کنا عند النبي ﷺ، فانکسفت الشمس، فقام رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم یجر رداء ہ حتی دخل المسجد، فدخلنا فصلی بنا رکعتین حتی انجلت الشمس، فقال: إن الشمس والقمر لا ینکسفان لموت أحد، وإذا رأیتموہا فصلوا وادعوا حتی یکشف ما بکم۔
و فیہ ایضاً: (باب الصلاۃ في کسوف الشمس، رقم الحدیث: 1031)
عن قیس قال: سمعت أبا مسعود یقول: قال النبي ﷺ: إن الشمس والقمر لا یخسفان لموت أحد من الناس، ولکنہما آیتان من آیات اﷲ، فإذا رأیتموہا فقوموا، فصلوا۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی
Suraj Grahan ki Haqeeqat aur Ahkaam, Sooraj, Grehan, Grihan, Soraj, Haqiqat, Ahkam, Chand Grahan, Chand Grihan,
Reality of Solar Eclipse and rules pertaining to it, What to do in solar eclipse, Sunnah after seeing solar eclipse