resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: پیف (PEEF) کے ماتحت چلنے والے اسکول میں کسی کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا (32211-No)

سوال: السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ! پنجاب میں پیف کا ادارہ ہے، گورنمنٹ کی طرف سے اس کے ماتحت ہزاروں اسکول ہیں۔
ان کا طریقہ کار یہ ہوتا ہے کہ اگر کسی کے پاس عمارت، فرنیچر اور اساتذہ ہوں تو وہ انہیں ہر اسٹوڈنٹ کے اعتبار سے رقم ادا کرتے ہیں، طلباء سے کسی قسم کی فیس نہیں لی جاتی۔
شروع شروع میں پیف کی طرف سے شراکت داری کی کوئی شرط نہیں تھی مثلاً ایک آدمی ادارہ لے لے یا دو تین آدمی مل کر شراکت کے طور پر لے لیں تو کوئی پابندی نہیں تھی، اب پیف نے یہ شرط رکھ دی ہے کہ وہ آدمی پیف کے ساتھ کام کر سکتا ہے جو ادارے کا تنہا مالک ہو، کوئی اور شریک نہ ہو، لیکن اندرونِ خانہ اسکول کا پرنسپل دو یا تین چار کو شیئر بیچ دیتا ہے اور اس اسکول کے تین چار شراکت دار بن جاتے ہیں۔
اس بارے میں ایک شخص یہ کہتا ہے کہ یہ معاملہ ٹھیک نہیں ہے، کیونکہ جب پیف نے شرط لگا رکھی ہے کہ شراکت داری نہ ہو تو مالک نے شرط کی خلاف ورزی کی ہے، لیکن دوسرا شخص یہ کہتا ہے کہ جب شراکت داری شرعاً جائز ہے تو پیف کی یہ شرط ہی جائز نہیں ہے، لہٰذا یہ معاملہ شرعاً جائز ہے۔ اب دریافت طلب امر یہ ہے کہ اگر کوئی آدمی اسکول میں شراکت داری قائم کرتا ہے تو کیا یہ جائز ہے یا نہیں؟

جواب: پوچھی گئی صورت میں اگر متعلّقہ ادارے (PEEF) کے ساتھ کیے گئے معاہدہ میں کسی اور کے ساتھ شراکت داری سے منع کیا گیا ہے تو اب اس معاہدہ کی پاسداری شرعاً بھی ضروری ہے، لہذا اسکول والوں کا کسی اور کے ساتھ شراکت داری قائم کرنا اس معاہدہ کی خلاف ورزی پر مشتمل ہونے کی وجہ سے شرعاً درست نہیں، اس سے اجتناب لازم ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (بنی اسرائیل، الآیة: 34)
واوفوا بالعھد ان العھد کان مسئولا

أحکام القرآن للجصاص: (372/2، ط: دار الکتب العلمیة)
وقوله صلی الله علیه وسلم: والمسلمون عند شروطہم فی معنی قول الله تعالیٰ (اوفوا بالعقود) وھو عموم فی ایجاب الوفاء بجمیع ما یشترط الانسان علی نفسه مالم تقم دلالة تخصصه

سنن الترمذي: (باب ما ذکر عن النبي صلی اللہ علیه و سلم في الصلح، رقم الحدیث: 1364)
عن عمر وبن عوف المزني رضي اللّٰہ عنه أن رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیه وسلم قال: ۔۔۔۔ والمسلمون علی شروطہم إلاّ شرطاً حرّم حلالاً، أو أحل حرامًا.

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Business & Financial