resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: لوگوں کے تکلیف دہ رویّوں کی وجہ سے عبادات ومعمولاتِ زندگی میں کوتاہی اور بار بار گناہوں کے سرزد ہونے سے نکلنے کا حل (33468-No)

سوال: میں بہت شوق سے نماز پڑھنے اور دعائیں کرنے کی کوشش کرتا ہوں، لیکن میرے آس پاس کے لوگوں کے رویّے کی وجہ سے (وہ میرے مذہب کی وجہ سے بدتمیزی نہیں کرتے، بلکہ اس لیے کہ اُن کے خیال میں میں اس دنیا کے لیے مناسب نہیں ہوں) میں ڈپریشن میں چلا جاتا ہوں، میں نہ صحیح طرح نماز پڑھ پاتا ہوں اور نہ معمول کے مطابق زندگی گزار پاتا ہوں۔
مزید یہ کہ نہ میں پڑھائی میں اچھا ہوں اور نہ کسی اور چیز میں، میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ میری مدد کرے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ اللہ مجھ سے ناراض ہے کیونکہ میں بار بار وہی گناہ کرتا ہوں۔ کیا آپ مجھے اس کا کوئی حل بتا سکتے ہیں؟

جواب: واضح رہے کہ لوگوں کی تکلیف دہ رویّوں کی وجہ سے پریشانی (ڈپریشن) میں جانے کے بجائے اپنی عبادات اور معمولاتِ زندگی کو برقرار رکھنا ہی ایک مسلمان کی شان ہے، بلکہ اس طرح کی پریشانیوں سے نکلنے کا بہترین حل عبادت اور تعلق مع اللّٰہ پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہنے میں ہوتا ہے، لہٰذا لوگوں کی پریشان کن رویّوں کی طرف توجّہ دینے کے بجائے ساری توجہ پڑھائی پر رکھیں، اور ایسی صورتِ حال میں عبادات اور معمول کے مطابق زندگی گزارنے میں کمی کوتاہی سے کام لینے کے بجائے ان پر مضبوطی کے ساتھ قائم و دائم رہنے کے ساتھ ساتھ نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرنے یا تبلیغی جماعت میں موقع بموقع وقت لگانے کی کوشش کریں، یہ کوشش ایک بہترین زندگی کی طرف لے جانے میں اہم معاون ثابت ہوگی۔
نیز گناہوں کا بار بار سرزد ہونا یقیناً اللہ تعالیٰ کی بڑی ناراضگی کا سبب ہے، لیکن اس کے باوجود گناہوں سے سچّے دل سے توبہ کرنے کو اللہ تعالیٰ نے اپنی رضا کے حصول اور نیک بندوں کے صف میں شامل ہونے ذریعہ قرار دیا ہے، اس لیے گناہوں سے بچنے کی بھر پور کوشش کریں، تاہم اگر کبھی کوئی گناہ سرزد ہو جائے تو ایسے موقع پر اللہ کے حضور صدقِ دل سے توبہ کرنے کو اپنا معمول بنائیں، ان شاءاللہ ! اس کی برکت سے ایک دن گناہوں سے چھٹکارا نصیب ہوجائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:

القرآن الكريم: (آل عمران، الآية: 135)
وَٱلَّذِینَ إِذَا فَعَلُوا۟ فَٰحِشَةً أَوۡ ظَلَمُوۤا۟ أَنفُسَهُمۡ ذَكَرُوا۟ ٱللَّهَ فَٱسۡتَغۡفَرُوا۟ لِذُنُوبِهِمۡ وَمَن یَغۡفِرُ ٱلذُّنُوبَ إِلَّا ٱللَّهُ وَلَمۡ یُصِرُّوا۟ عَلَىٰ مَا فَعَلُوا۟ وَهُمۡ یَعۡلَمُونَ

القرآن الكريم: (الطلاق، الآية، 2، 3)
وَمَن یَتَّقِ ٱللَّهَ یَجۡعَل لَّهُۥ مَخۡرَجࣰا.
وَیَرۡزُقۡهُ مِنۡ حَیۡثُ لَا یَحۡتَسِبُۚ وَمَن یَتَوَكَّلۡ عَلَى ٱللَّهِ فَهُوَ حَسۡبُهُۥۤۚ إِنَّ ٱللَّهَ بَٰلِغُ أَمۡرِهِۦۚ قَدۡ جَعَلَ ٱللَّهُ لِكُلِّ شَیۡءࣲ قَدۡرࣰا

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Beliefs