resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: نابالغ بچوں کو زکوٰۃ کی رقم سے کپڑے اور کھلونے لے کر دینا اور زکوٰة کی رقم ہدیہ (gift) کہہ کر دینے کا حکم

(36685-No)

سوال: مفتی صاحب! کیا میں اپنی ماسی کے بچوں کو زکوۃ کے پیسوں سے کپڑے اور کھلونے لے کر دے سکتی ہوں یا رقم دے دوں؟ اور کیا یہ ضروری ہے کہ انہیں بتایا جائے کہ یہ زکوة کی رقم ہے؟

جواب: واضح رہے کہ نابالغ بچہ کو زکوٰۃ اُس وقت دی جا سکتی ہے جب اُس کے والد اور نابالغ بچہ صاحبِ نصاب نہ ہوں اور نابالغ بچہ مال پر قبضے اور ملکیت کی سمجھ رکھتا ہو، نیز زکٰوۃ کی ادائیگی نقدی کی صورت میں کرنا بہتر ہے، تاکہ ہر ایک اپنی سہولت کے مطابق خرچ کر سکے، البتہ اگر کوئی شخص نقد کے بجائے ضروری سامان مثلاََ: راشن ،کپڑے یا دیگر ضروری اشیاء دے تو اس سے بھی زکوۃ ادا ہوجاتی ہے اور کسی کو زکوۃ دیتے وقت زکوٰة کی دل میں نیت کرنا ضروری ہے، زکوٰۃ کا نام لینا ضروری نہیں ہے۔
اس تمہید کی روشنی میں اگر آپ کی ماسی کے نابالغ بچے اور اُن کے والد صاحبِ نصاب نہیں ہیں اور بچے مال پر قبضے اور ملکیت کی سمجھ بھی رکھتے ہیں تو اُنہیں رقم یا کسی دوسری چیز کی صورت میں زکوٰۃ کی نیت کرکے زکوٰة دی جاسکتی ہے۔
نیز واضح ہو کہ اگر ماسی کے بچے بالغ اور مستحق زکوۃ ہوں تو اس صورت میں ان کے والد مستحق زکوۃ ہوں یا نہ ہوں، بہر صورت بالغ مستحق زکوۃ بچوں کو زکوٰۃ دی جاسکتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

حاشية ابن عابدين: (2/ 350،ط:سعید)
أن ‌الطفل ‌يعد ‌غنيا بغنى أبيه بخلاف الكبير فإنه لا يعد غنيا بغنى أبيه ولا الأب بغنى ابنه ولا الزوجة بغنى زوجها ولا الطفل بغنى أمه ح في البحر.

الفتاوى الهندية: (1/ 190،ط: دارالفکر)
ولو ‌قبض ‌الصغير، وهو مراهق جاز، وكذا لو كان يعقل القبض بأن كان لا يرمي، ولا يخدع عنه، ولو دفع إلى فقير معتوه جاز كذا في فتاوى قاضي خان.

الفتاوی الهندية: (171/1، ط: دار الفکر)
ومن أعطى مسكينا دراهم وسماها هبة أو قرضا ونوى الزكاة فإنها تجزيه، وهو الأصح.

الجوهرة النيرة: (1/ 134،ط: المطبعة الخيرية)
فإن قلت فما الأفضل إخراج القيمة أو عين المنصوص قلت ذكر في الفتاوى أن أداء القيمة أفضل وعليه الفتوى لأنه أدفع لحاجة الفقير وقيل المنصوص أفضل لأنه أبعد من الخلاف وأما الخبز فيعتبر فيه القيمة وهو الصحيح كذا في الهداية۔

واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Zakat-o-Sadqat