عنوان: بیت اللہ کا طواف رکنے کے متعلق حدیث کی تحقیق(3898-No)

سوال: السلام علیکم، مفتی صاحب ! کیا مندرجہ ذیل حدیث درست ہے؟
حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
قیامت اس وقت تک قائم نہ ہو گی جب تک بیت اللہ شریف کا حج موقوف نہ ہو جائے۔
(صحیح البخاری: حدیث نمبر،١۵٩٣)

جواب: واضح رہے کہ آج کل بعض حضرات اردو کی کسی کتاب کا ایک ٹکڑا سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں، جس میں یہ حدیث شریف ہے:

" لَا تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى لَا يُحَجَّ الْبَيْتُ
قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہوگی، جب تک بیت اللہ کا حج بند نہ ہو جائے۔
اور اس حدیث کو بیت اللہ شریف کی موجودہ صورتحال پر چسپاں کرنا چاہ رہے ہیں، اور لوگوں کو تشویش میں مبتلا کررہے ہیں، حالانکہ اگر اسی حدیث کو مکمل پڑھ لیا جائے اور اس کی شرح میں علامہ عینی کی عمدۃ القاری، علامہ عسقلانی کی فتح الباری، اور علامہ قسطلانی کی ارشاد الساری دیکھ لی جائے، تو واضح ہوگا کہ بیت اللہ کے حج کے موقوف ہونے کا یہ واقعہ یاجوج ماجوج کے خروج کے بعد قربِ قیامت میں کسی زمانے میں ہوگا، موجودہ صورتحال کے بارے میں یہ حدیث ذکر نہیں کی گئی ہے، لہذا موجودہ صورتحال پر اسے چسپاں کرکے عوام کو تشویش میں مبتلا نہ کیا جائے۔
صحیح البخاری کتاب الحج سے مکمل روایت ترجمہ کیساتھ درج ذیل ہے:
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ ، حَدَّثَنَا أَبِي ، حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ ، عَنِ الْحَجَّاجِ بْنِ حَجَّاجٍ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي عُتْبَةَ ، عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " لَيُحَجَّنَّ الْبَيْتُ وَلَيُعْتَمَرَنَّ بَعْدَ خُرُوجِ يَأْجُوجَ وَمَأْجُوجَ " , تَابَعَهُ أَبَانُ ، وَعِمْرَانُ ، عَنْ قَتَادَةَ ، وَقَالَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ : عَنْ شُعْبَةَ ، قال : " لَا تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى لَا يُحَجَّ الْبَيْتُ وَالْأَوَّلُ أَكْثَرُ " ، سَمِعَ قَتَادَةُ عَبْدَ اللَّهِ ، وَعَبْدُ اللَّهِ أَبَا سَعِيدٍ .
ترجمہ:
ہم سے احمد بن حفص نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے میرے والد نے بیان کیا، کہا کہ ہم سے ابراہیم بن طہمان نے بیان کیا، ان سے حجاج بن حجاج اسلمی نے، ان سے قتادہ نے، ان سے عبداللہ بن ابی عتبہ نے اور ان سے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے اور ان سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بیت اللہ کا حج اور عمرہ یاجوج اور ماجوج کے نکلنے کے بعد بھی ہوتا رہے گا۔
عبداللہ بن ابی عتبہ کے ساتھ اس حدیث کو ابان اور عمران نے قتادہ سے روایت کیا اور عبدالرحمٰن نے شعبہ کے واسطہ سے یوں بیان کیا کہ قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی، جب تک بیت اللہ کا حج بند نہ ہو جائے۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے کہا کہ پہلی روایت زیادہ راویوں نے کی ہے اور قتادہ نے عبداللہ بن عتبہ سے سنا اور عبداللہ نے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے سنا۔

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 474 Mar 28, 2020
Baitullah, ka, tawaf, ruknay, rukne, kay, ke, mutaaliq, muta'aliq, hadees, hadith, ki, tehqeeq, tahqeeq, Researching the hadith about stopping the circumambulation of Baitullah, hadees, kaaba, ka'aba

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Interpretation and research of Ahadees

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.