resize-left-dar mid-dar right-dar

عنوان: اونٹ کا گوشت صدقہ کرنے سے متعلق خواب دیکھنے کا حکم

(42134-No)

سوال: میری والدہ نے فجر کے بعد ایک خواب دیکھا جس میں انہیں کہا جا رہا تھا کہ اپنے گھر اور بچوں کے لیے اونٹ کے گوشت کا صدقہ کریں۔ براہِ کرم بتائیں کہ اس خواب کے مطابق صدقہ کس طرح کرنا درست ہوگا؟

جواب: واضح رہے کہ مومن کا خواب بعض مرتبہ مبشّرات (خوش خبری) کی قبیل سے ہوتا ہے، اور بعض مرتبہ خواب میں کسی بُرے کام سے بچنے کے لیے تنبیہ یا اچھے کام کے لیے ترغیب ہوتی ہے، لیکن عام لوگوں کے خواب شرعی طور پر حجّت یعنی دلیل نہیں ہیں، اس لیے خواب کی وجہ سے کوئی عمل یا صدقہ صدقہ لازم اور ضروری نہیں ہوتا، تاہم چونکہ اللہ کی رضا کے لیے صدقہ کرنا باعثِ ثواب ہے اور اللہ کی رضامندی کے حصول کا ذریعہ ہے، ایک حدیث مبارکہ میں ہے: ترجمہ: "بے شک صدقہ رب کے غضب کو بجھاتا اور بری موت کو دور کر دیتا ہے۔" (سنن ترمذی: حدیث نمبر: 664)، لہٰذا پوچھی گئی صورت میں چونکہ اس خواب میں اچھے کام کا حکم اور اس کی ترغیب دی گئی ہے، اس لیے اگر لازم سمجھے بغیر نفلی طور پر اونٹ یا کسی بھی حلال جانور کا گوشت یا کچھ رقم صدقہ کردی جائے تو یہ ان کے لیے دنیا وآخرت میں بہتری کا سبب اور باعثِ ثواب ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

*القرآن الكريم: (البقرة، الآية: ٢٧٤)*
﴿ الَّذِينَ يُنْفِقُونَ أَمْوَالَهُمْ بِاللَّيْلِ وَالنَّهَارِ سِرًّا وَعَلَانِيَةً فَلَهُمْ أَجْرُهُمْ عِندَ رَبِّهِمْ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ ●﴾

*سنن الترمذي: (3/ 43، ط: مصطفى البابي الحلبي)*
664 - حدثنا عقبة بن مكرم البصري قال: حدثنا عبد الله بن عيسى الخزاز، عن يونس بن عبيد، عن الحسن، عن أنس بن مالك قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «إن الصدقة لتطفئ غضب الرب وتدفع ميتة السوء»: «هذا حديث حسن غريب من هذا الوجه»

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی


Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Zakat-o-Sadqat