عنوان: قربانی میں نیت کا درست ہونا ضروری ہے(4853-No)

سوال: قربانی میں نیت کا صحیح ہونا ضروری ہے، اگر کوئی شخص محلے داروں کو دکھانے کے لئے جانور لائے یا اپنے بچوں کو خوش کرنے کے لئے قربانی کرے تو کیا اس طرح کرنے سے قربانی ہو جائے گی؟

جواب: قربانی کا جانور ذبح کرنا عبادت ہے، اور عبادت میں نیت کا خالص ہونا ضروری ہے، اللہ رب العزت کی بارگاہ میں قربانی وہی مقبول ہوتی ہے، جس کا مقصد خالصتاً اللّٰہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی اور اس کا قرب حاصل کرنا ہو، اس لئے قربانی کا جانور خریدتے وقت ہی اپنی نیت کو درست کر لیا جائے، کیونکہ ریاکاری، دکھلاوے سے قربانی کے ضائع ہونے کا اندیشہ ہے، قربانی کے متعلق اللہ رب العزت کا فرمان ہے کہ اللہ کے پاس قربانی کے جانور کا گوشت پہنچتا ہے نہ ہی اس کا خون، البتہ اس کے پاس تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے۔
لہذا محلے داروں یا رشتے داروں کو دکھانے کے لیے بڑا جانور خریدنا یا اس لئے قربانی کرنا کہ اگر میں نے قربانی نہیں کی، تو لوگ میرے بارے میں کیا کہیں گے یا اس نیت سے مہنگا جانور خریدنا کے بچے خوش ہو جائیں گے، یاد رکھیئے! ان اعمال سے قربانی اور پیسے تو ضائع ہو ہی جائیں گے، البتہ آخرت میں غیر اللہ کےلئے عمل کرنے پر سخت پکڑ اور عذاب کا اندیشہ بھی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (الحج، الایة: 37)
لَنْ یَنَالَ اللّٰہَ لُحُوْمُہَا وَلَا دِمَآؤُہَا وَلکِنْ یَنَالُہُ التَّقْویٰ مِنْکُمْ....الخ

مرقاۃ المفاتیح: (باب الریاء و السمعۃ، 503/9)
درجات الریاء أربعۃ أقسام : الأولی وہي أغلظہا - أن لا یکون مرادہ الثواب أصلاً کالذي یصلي بین أظہر الناس ولو انفرد لکان لا یصلي ..... فہو الممقوت عند اللّٰہ تعالی ۔

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 1506 Jul 21, 2020
qurbani mai niyyat ka drust hona zaroori hai?, In the sacrifice, the intention must be correct / right

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Qurbani & Aqeeqa

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.