سوال:
ہمزاد کسے کہتے ہیں؟ کیا واقعی ہر انسان کے ساتھ ایک ہمزاد ہوتا ہے؟
جواب: اگر ہمزاد سے مراد وہ شیطان ہو، جس کو ہر انسان کے ساتھ مقرر کیا گیا ہے، جیسا کہ حدیث میں آتا ہے، "نبی کریم ﷺ کا ارشاد ہے کہ ہر آدمی کے ساتھ ایک فرشتہ اور ایک جن (شیطان) مقرر کیا گیا ہے، صحابہ کرامؓ نے کہا: اللہ کے رسول اللہ ﷺ! آپ کے ساتھ بھی؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’اور میرے ساتھ بھی، لیکن اللہ تعالیٰ نے اس کے مقابلے میں میری مدد فرمائی ہے اور وہ مسلمان ہو گیا، اس لیے (اب) وہ مجھے خیر کے سوا کوئی بات نہیں کہتا"۔ (صحیح مسلم، حدیث نمبر: 2814) اور اگر ہمزاد سے مراد اس کے علاوہ کچھ اور ہو تو شریعت میں اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
صحیح مسلم: (باب تسویس الشیطان و بعثه مراماہ و فتنته، رقم الحدیث: 2814)
عن عبد اللّٰہ بن مسعود رضي اللّٰہ عنہ قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم: ما منکم من أحد إلا وقد وکل بہ قرینہ من الجن وقرینہ من الملائکۃ، قالوا وإیاک یا رسول اللّٰہ قال: وإیاک ولکن اللّٰہ أعانني علیہ فأسلم فلا یأمرني إلا بخیر۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی