سوال:
اگر عاجزی کرنے سے تمہاری عزت گھٹ جائے تو قیامت کے دن مجھ سے لے لینا، کیا یہ حدیث صحیح ہے؟
جواب: سوال میں ذکر کردہ روایت صحیح مسلم میں ان الفاظ کے ساتھ نہیں ہے اور نہ ہی یہ الفاظ حدیث کی کسی دوسری کتاب میں ملے، البتہ اس مفہوم کی دوسری حدیث مسلم شریف میں موجود ہے ۔
" عن ابی هریرة عن رسول الله صلی الله علیه وسلم قال: مانقصت صدقة من مال ومازاد الله عبدا بعفو الاعزا وماتواضع احد لله الارفعه الله"
( الصحیح لمسلم:2/325،ط رحمانیہ کراچی )
ترجمہ: حضرت ابو ھریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :نبی اکرمﷺ نے فرمایا کہ صدقہ سے مال میں کمی نہیں ہوتی اور معافی ودرگزر سے اللہ بندہ کی عزت ہی بڑھاتے ہیں اور جو کوئی بھی اللہ کے لیے جھکتا ہے، اللہ پاک اس کو بلند کردیتے ہیں۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی