سوال:
فرمان آخری نبیﷺ ہے میرے بعد اگر کوئی نبی ہوتا تو وہ عمر رضی اللہ عنہ ہوتے، میں خاتم النبیین ہوں میرے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔ سوال یہ ہے کہ اہلسنت وجماعت کا عقیدہ ہے کہ جو بھی نبی ہوتے ہیں ان کا سلسلہ نسب اول تا آخر مسلمان ہوتے ہیں یعنی ان کے آباو اجداد میں کوئی کافر نہیں ہوتا ،جب کہ حضرت عمر خود اور ان کے والد پہلے حالت کفر پر تھے تو یہ فرمان کیسے درست ہوگا؟ شرعی رہنمائی ضرور کیجئےگا۔
جواب: واضح رہے کہ سوال میں ذکر کردہ روایت "اگر میرے بعد کوئی نبی ہوتا تو وہ عمر ہوتا" سے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی منقبت اور جلالت شان نمایاں ہوتی ہے، تاہم عربی میں یہ جملہ لفظ "لو" کے ساتھ شروع کیا گیا ہے جو حرف شرط میں سے ہے، اس کا استعمال علم نحو کے ضابطہ کے مطابق "بالفرضِ محال" (یعنی ایسی بات کو فرض کرلینا جس کا حقیقت میں ہونا ممکن نہ ہو) کے لئے ہوتا ہے، لہذا حدیث کا درست مفہوم یہ ہوگا" "اگر بالفرضِ محال میرے بعد کسی کا نبی بننا ممکن ہوتا (جو کہ قطعی ناممکن ہے کیونکہ میں آخری نبی ہوں) تو وہ عمر ہوتے"، لہذا اس حدیث سے حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا بمنزلہ نبی ہونے پر استدلال قطعاً درست نہیں۔
باقی اہل سنت والجماعت کے حوالہ سے جو موقف ذکر کیا گیا تو سمجھ لینا چاہیے کہ انبیاء کرام علیہم السلام کے نسب کی پاکیزگی وطہارت کے حوالہ سے مختلف روایات ملتی ہیں، جس کی سند پر محدثین عظام رحمہم اللہ نے کلام کیا ہے، تاہم وہ قابلِ قبول ہیں، ان میں بعض روایات مطلقاً جبکہ بعض میں صراحت ملتی ہے کہ اس میں طہارت وپاکیزگی سے مراد نسب کا بدکاری، زنا اور غیر اخلاقی حرکات سے محفوظ ہونا ہے، اس سے طہارت ایمانی مراد نہیں ہے۔ (فیض القدیر، حرف الحاء، 437/3، الناشر: المكتبة التجارية الكبرى – مصر)
لہذا انبیاء کرام علیہم السلام کے سلسلہ نسب میں کسی آباء کا غیر مسلم اور کفر کی حالت پر مرنے سے ان حضرات کی نبوت و عصمت پر سوالیہ نشان اٹھانا درست نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل* :
*فیض القدیر، لزين الدين محمد المدعو بعبد الرؤوف المناوي القاهري (ت 1031ه)، (حرف الحاء، 437/3، الناشر: المكتبة التجارية الكبرى – مصر):*
قوله ﷺ:"خرجت من لدن آدم من نكاح غير سفاح"، أي: متولد من نكاح، لا زنا فيه۔ والمراد: عقد معتبر في دين۔ بل روى البيهقي مرفوعا: "ما ولدني من سفاح الجاهلية شيء، ما ولدني إلا نكاح الإسلام"، يعني الموافق للطريقة الإسلامية۔ وقضية الخبر: أن لا سفاح في آبائه مطلقا، لكن استظهر بعض المحققين أن المراد طهارة سلسلته فقط، ويشهد له ما في المواهب مرفوعا: "لم يلتق أبواي على السفاح"۔
*الكوكب الدري على جامع الترمذي، لرشيد أحمد الكنكوهي (ت 1323 ه)، (ابواب المناقب، باب مناقب عمر، 408/4، جمعها ورتبها: محمد يحيى بن محمد إسماعيل الكاندهلوي (ت 1334 ه)، المحقق: محمد زكريا بن محمد يحيى الكاندهلوي، الناشر: مطبعة ندوة العلماء الهند):*
قال القاري تحت حديث علي هذا: فيه إيماء إلى أنه لو كان بعده نبي لكان عليًا. وهو لا ينافي ما ورد في حق عمر صريحًا، لأن الحكم فرضي وتقديري، فكأنه قال: لو تصور بعدي نبي لكان جماعة من أصحابي أنبياء ولكن لا نبي بعدي، وهذا معنى قوله ﷺ: لو عاش إبراهيم لكان نبيًا، انتهى.
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی