سوال:
حضرت علی سے نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ میری اور تمہاری مثال حضرت موسی اور ہارون علیہ السلام کی طرح ہے فرق صرف یہ ہے کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا۔اس کا درست معنی و شرح کیا ہے؟ اس حدیث یا روایت سے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی تمام صحابہ کرام پر افضلیت ثابت ہوگی یا نہیں؟ براہ کرم رہنمائی فرمادیں۔
جواب: سوال میں ذکر کردہ مشہور "حدیث منزلت " سے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کی عظیم الشان فضیلت، منقبت اور قربِ نبوی ﷺ کا ثبوت ضرور ملتا ہے، البتہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ یہ ایک جزوی فضیلت کا ذکر ہے، جو ایک خاص پسِ منظر کے تحت بیان کی گئی۔ چونکہ نبی ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو اپنے اہلِ بیت، خواتین اور بچوں کی دیکھ بھال کے لیے مدینہ میں اپنا نائب (خلیفہ) بنایا، اس موقع پر حضرت علیؓ کو غزوہ میں شمولیت سے محرومی پر کافی افسوس ہونے لگا تو آپ رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: "یا رسول اللہ! کیا آپ مجھے عورتوں اور بچوں میں پیچھے چھوڑ رہے ہیں؟" اس پر رسول اللہ ﷺ نے ان کی تسلی، دل جوئی اور تکریم کے لیے یہ تاریخی فرمان ارشاد فرمایا" کہ میری اور تمہاری مثال حضرت موسی اور ہارون علیہ السلام کی طرح ہے، فرق صرف یہ ہے کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا"۔
اس جزوی فضیلت کے ذریعہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کا دیگر خلفاء ثلاثہ پر بالعموم فضیلت کو ثابت کرنا یہ سنگین غلطی ہے، یہی وجہ کہ شارحینِ حدیث نے لکھا ہے کہ یہاں آپ رضی اللہ عنہ کو ایک مخصوص وقت کے لئے عارضی طور پر نائب مقرر کیا گیا تھا، جیسا کہ حدیث مذکور میں مشبہ بہ حضرت ہارون علیہ السلام کی خلافت صرف حضرت موسی علیہ السلام کی زندگی کے ایک مخصوص وقت کے لئے تھی، چونکہ حضرت ہارون علیہ السلام کا وصال حضرت موسی علیہ السلام کی وفات سے تقریباً 40 برس پہلے ہوا تھا، لہذا حضرت علی رضی اللہ عنہ کی نیابت بھی رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ میں سفرِ تبوک کے وقت تک محدود ثابت ہوتی ہے، نہ کہ وفات کے بعد " خلیفہ بلا فصل " کا ثبوت اس سے مفہوم ہوتا ہے۔
چنانچہ اہلِ حق علماء سے خلافتِ راشدہ کی ترتیب (حضرت ابوبکر، حضرت عمر، حضرت عثمان اور پھر حضرت علی رضی اللہ عنہم) پر اجماع ثابت ہے۔ خود حضرت علی رضی اللہ عنہ نے صحیح بخاری کی روایت کے مطابق اپنے فرزند محمد بن الحنفیہ کے سوال پر صراحت سے فرمایا کہ "رسول اللہ ﷺ کے بعد تمام انسانوں میں سب سے افضل حضرت ابوبکر ہیں، اور ان کے بعد حضرت عمر ہیں"۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:
صحيح البخاري، لأبي عبد الله محمد بن إسماعيل البخاري الجعفي، کتاب فضائل الصحابة، باب مناقب علي بن أبي طالب، 1359/3، المحقق: د. مصطفى ديب البغا، الناشر: (دار ابن كثير، دار اليمامة) – دمشق):*
عن إبراهيم بن سعد، عن أبيه قال، قال النبي صلى الله عليه وسلم لعلي: "أما ترضى أن تكون مني بمنزلة هارون من موسى"۔
المنهاج شرح صحيح مسلم بن الحجاج، لأبي زكريا محيي الدين يحيى بن شرف النووي (ت 676ه)، (کتاب فضائل الصحابة، باب مناقب علي بن أبي طالب، 174/5، الناشر: دار إحياء التراث العربي – بيروت):*
وهذا الحديث لاحجة فيه لأحد منهم، بل فيه إثبات فضيلة لعلي، ولا تعرض فيه؛ لكونه أفضل من غيره أو مثله، وليس فيه دلالة لاستخلافه بعده؛ لأن النبي صلى الله عليه وسلم إنما قال هذا لعلي حين استخلفه في المدينة في غزوة تبوك۔ ويؤيد هذا أن هارون -المشبه به- لم يكن خليفة بعد موسى، بل توفي في حياة موسى، وقبل وفاة موسى بنحو أربعين سنة على ما هو مشهور عند أهل الأخبار والقصص ۔قالوا: وإنما استخلفه حين ذهب لميقات ربه للمناجاة، والله أعلم۔
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی