سوال:
آج کل ولیمہ وغیرہ کی دعوتوں میں لوگ کھڑے ہوکر کھانا کھاتے ہیں، اس بارے میں کیا حکم ہے، وضاحت فرمادیں؟
جواب: بیٹھ کر کھانا کھانا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے، اور کھڑے ہوکر کھانا کھانے میں چونکہ کافروں سے مشابہت بھی پائی جاتی ہے، لہذا اگر کوئی شرعی ضرورت نہ ہو، تو بیٹھ کر کھانا کھانا چاہیے اور کھڑے ہوکر کھانا کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے، البتہ اگر بیٹھ کر کھانے کے لیے جگہ موجود نہ ہو یا جگہ صاف نہ ہونے کی بناء پر کپڑے گندے ہوجانے کا اندیشہ ہو، تو کھڑے ہوکر کھانے کی گنجائش ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
سنن الترمذی: (364/3، ط: دار الغرب الاسلامی)
حدثنا محمد بن بشار، قال: حدثنا ابن أبي عدي، عن سعيد بن أبي عروبة، عن قتادة، عن أنس، أن النبي صلى الله عليه وسلم نهى أن يشرب الرجل قائما فقيل: الأكل؟ قال: ذاك أشد.
و فیہ ایضا: (353/4، ط: دار الغرب الاسلامی)
أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: ليس منا من تشبه بغيرنا، لا تشبهوا باليهود ولا بالنصارى
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی