سوال:
مفتی صاحب! کیا احرام کی حالت میں ایسا کھانا کھا سکتے ہیں، جس میں خوشبودار چیزیں ملی ہوئی ہوں، جیسا کہ بریانی، پلاؤ یا زردہ وغیرہ میں زعفران، دار چینی یا الائچی وغیرہ، خوشبو دار چیزیں ملی ہوتی ہیں؟
جواب: واضح رہے کہ خوشبو دار چیزیں زعفران، دار چینی یا الائچی وغیرہ، اگر کسی کھانے مثلا بریانی، پلاؤ یا زردہ وغیرہ میں ڈال کر پکائی گئی ہوں، تو ایسے کھانے کو احرام کی حالت میں کھانا جائز ہے اور احرام کی حالت میں ایسا پکا ہوا کھانا کھانے سے کچھ بھی واجب نہیں ہوگا، چاہے خوشبو دار چیزیں کم مقدار میں ڈالی گئی ہوں یا زیادہ مقدار میں ڈالی گئی ہوں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
رد المحتار: (547/2، ط: دار الفکر)
اعلم أن خلط الطيب بغيره على وجوه لأنه إما أن يخلط بطعام مطبوخ أو لا ففي الأول لا حكم للطيب سواء كان غالبا أم مغلوبا، وفي الثاني الحكم للغلبة إن غلب الطيب وجب الدم، وإن لم تظهر رائحته كما في الفتح، وإلا فلا شيء عليه غير أنه إذا وجدت معه الرائحة كره
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی