عنوان: ملازم کےتنخواہ میں اضافے کے مطالبے پر زکوۃ جتلانے کا حکم (6354-No)

سوال: السلام علیکم، میں ایک کمپنی میں ملازمت کرتا ہوں اور مستحق زکوٰۃ بھی ہوں، کمپنی کا مالک ہمیں تنخواہیں بھی دیتا ہے اور اپنی زکوٰۃ کی رقم بھی علیحدہ دیتا ہے، جو کہ تنخواہ کے علاوہ ہے، لیکن ہماری تنخواہ سال پورے ہونے پر بڑھاتا نہیں ہے اور جب ہم تنخواہ بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہیں تو آگے سے کہتا ہے کہ میں تمہیں زکوٰۃ بھی تو دیتا ہوں، اب تنخواہ بڑھانے کی کیا ضرورت ہے؟
کیا کمپنی کے مالک کا زکوٰۃ کی رقم دینے کی وجہ سے تنخواہیں نہیں بڑھانا شرعاً ٹھیک ہے؟

جواب: واضح رہے کہ زکوۃ کی  ادئیگی کے لیے ضروری ہے کی زکوۃ مستحق  شخص کو مالک بناکر بغیر کسی معاوضہ کی دی جائے،اسی طرح زکوۃ کی ادئیگی کے آداب میں سے ہے کہ زکوۃ  دینے میں اللہ تعالی کی رضا  مقصود ہو ، ریا اور دکھلاوے کی نیت نہ ہو،  ضرورت مند کو زکوۃ دے کر ایذاء نہ پہنچایا جائے اور نہ ہی احسان جتایاجائے۔
اللہ تعالی کا  ارشاد ہے کہ 
’’ يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ لَا تُبْطِلُوا۟ صَدَقَٰتِكُم بِٱلْمَنِّ وَٱلْأَذَىٰ‘‘
 (سورۃ البقرۃ ،آیت نمبر:۲۶۴)
ترجمہ :
 
اے ایمان والو!  صدقات  کو احسان  جتلا کر اور  تکلیف  پہنچاکرضائع نہ کرو  ۔
 
لہذا صورت مسئولہ میں اگر ملازم کو زکوۃ تنخواہ میں اضافہ کی نیت سے دی ہے، تو یہ معاوضہ ہوا، اس لیے زکوۃ ادا نہیں ہوگی اور اگر تنخواہ میں اضافہ کی نیت سےنہیں دی ہے تو زکوۃ ادا ہوجائے گی، البتہ  ملازم کے تنخواہ میں اضافے کے مطالبے کے جواب میں اس پر زکوۃ جتلانا آداب زکوۃ کے خلاف ہے اور زکوۃ کے ثواب سے محرومی کا باعث ہے۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکریم: (البقرۃ، الآیۃ: 264)
’’یٰا أَیُّہَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا لَا تُبْطِلُوا صَدَقَاتِکُمْ بِالْمَنِّ وَالْأَذٰی کَالَّذِیْ یُنْفِقُ مَالَہُ رِئَآ  َٔ النَّاسِ وَلَا یُؤْمِنُ بِاللّٰہِ وَالْیَوْمِ اْلآخِرِ فَمَثَلُہُ کَمَثَلِ صَفْوَانٍ عَلَیْہِ تُرَابٌ فَأَصَابَہُ وَابِلٌ فَتَرَکَہُ صَلْدًا لَا یَقْدِرُوْنَ عَلٰی شَیْئٍ مِمَّا کَسَبُوا وَاللہٰ لَا یَہْدِی الْقَوْمَ الْکٰفِرِیْنَo

رد المحتار: (344/2، ط: دار الفکر)
ويشترط أن يكون الصرف (تمليكا) لا إباحة ۔۔
 
الھندیة: (189/1، ط: دار الفکر)
ويجوز دفعها إلى من يملك أقل من النصاب وإن كان صحيحا مكتسبا كذا في الزاهدي۔

و فيها أيضا: (190/1، ط: دار الفکر)
ولو نوى الزكاة بما يدفع المعلم إلى الخليفة ولم يستأجره إن كان الخليفة بحال لو لم يدفعه يعلم الصبيان أيضا أجزأه وإلا فلا وكذا ما يدفعه إلى الخدم من الرجال والنساء في الأعياد وغيرها بنية الزكاة كذا في معراج الدراية
 
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Print Full Screen Views: 545 Dec 28, 2020
mulazaim ki tankhuwah mai izafay kay mutalbay par zakat jatlanay ka hukum\, Order to Remind Zakat on demand of employee for increase in salary

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Zakat-o-Sadqat

Managed by: Hamariweb.com / Islamuna.com

Copyright © Al-Ikhalsonline 2024.