resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: عدت کے دوران دوسرے ملک منتقل ہونے کا حکم

(63602-No)

سوال: السلام علیکم ،مفتی صاحب! میرے والد صاحب کا انتقال 29 اگست 2026ء کو ہوا ہے، میری والدہ اس وقت پاکستان میں ہمارے آبائی گھر میں عدت گزار رہی ہیں۔
ہم تین بہن بھائی ہیں اور ہم تینوں اس وقت پاکستان سے باہر رہتے ہیں،میری والدہ اپنی عدت کے دوران ہمارے گھر میں مقیم ہیں، لیکن اس ماہ کے اختتام کے بعد وہ پاکستان میں اکیلی رہ جائیں گی، کیونکہ ہم میں سے کوئی بھی ان کے ساتھ رہنے کے لیے وہاں موجود نہیں ہوگا۔
لہٰذا میرا سوال یہ ہے کہ کیا عدت کے دوران میں اپنی والدہ کو اپنے ساتھ اس ملک میں لے جا سکتا ہوں جہاں میں رہتا ہوں، تاکہ وہ اپنی عدت کی باقی مدت میرے گھر میں میری نگرانی اور دیکھ بھال میں گزار سکیں؟

جواب: واضح رہے کہ آپ کی والدہ کے لیے اصولاً اسی گھر میں عدتِ وفات مکمل کرنا ضروری ہے جہاں وہ شوہر کی وفات کے وقت شوہر کے ساتھ مستقل طور پر رہائش پذیر تھیں، بلاعذر وہاں سے دوسری جگہ منتقل ہونا جائز نہیں۔
البتہ اگر آپ کی والدہ کے اکیلے رہنے کی وجہ سے ان کے لیے جانی، مالی یا صحت کے اعتبار سے مشکلات درپیش ہوں اور پاکستان میں ان کی حفاظت اور دیکھ بھال کا مناسب انتظام ممکن نہ ہو تو اس ضرورت کی بنا پر محفوظ جگہ منتقل ہونے کی گنجائش ہے، تاہم حتی الامکان پاکستان ہی میں مناسب انتظام کیا جائے، بلا ضرورت دورانِ عدّت دوسرے ملک منتقل نہ کیا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:

القرآن الکريم: (البقرة، الآية: 234)
وَٱلَّذِينَ يُتَوَفَّوۡنَ مِنكُمۡ وَيَذَرُونَ أَزۡوَٰجٗا يَتَرَبَّصۡنَ بِأَنفُسِهِنَّ أَرۡبَعَةَ أَشۡهُرٖ وَعَشۡرٗاۖ فَإِذَا بَلَغۡنَ أَجَلَهُنَّ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكُمۡ فِيمَا فَعَلۡنَ فِيٓ أَنفُسِهِنَّ بِٱلۡمَعۡرُوفِۗ وَٱللَّهُ بِمَا تَعۡمَلُونَ خَبِيرٞo

الدر المختار: (536/3، ط: دار الفكر)
(وتعتدان) أي معتدة طلاق وموت (في بيت وجبت فيه) ولا يخرجان منه (إلا أن تخرج أو يتهدم المنزل، أو تخاف) انهدامه، أو (تلف مالها، أو لا تجد كراء البيت) ونحو ذلك من الضرورات فتخرج لأقرب موضع إليه.

الهندية: (534/1، ط: دار الفكر)
إن كانت معتدة من نكاح صحيح وهي حرة مطلقة بالغة عاقلة مسلمة، والحالة حالة الاختيار فإنها لا تخرج ليلا ولا نهارا سواء كان الطلاق ثلاثا أو بائنا أو رجعيا كذا في البدائع.
المتوفى عنها زوجها تخرج نهارا وبعض الليل ولا تبيت في غير منزلها كذا في الهداية»

واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Iddat(Period of Waiting)