resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: اساتذہ کے لیے طلبہ کے گھروں میں صدقہ کی پیٹیاں رکھنا

(64711-No)

سوال: دینی اداروں اور مدارس میں بہت سے معلمین و اساتذہ کم تنخواہوں پر اپنی تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ آج کل مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اس وجہ سے ان کے لیے اپنی ضروریات اور گھر کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
جس مدرسہ کا یہ مسئلہ ہے، اس کی کوئی مستقل آمدنی نہیں ہے۔ مدرسہ کے اخراجات اور اساتذہ کی تنخواہیں طلبہ سے حاصل ہونے والی فیس سے پوری کی جاتی ہیں، لیکن فیس کی آمدنی مدرسہ کے تمام اخراجات کے لیے کافی نہیں ہے۔ ہر ماہ اساتذہ کی تنخواہیں ادا کرنے میں تقریباً ڈیڑھ سے پونے دو لاکھ روپے کی کمی رہ جاتی ہے۔ اس وجہ سے مدرسۂ انتظامیہ کے لیے تمام اساتذہ کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ کرنا مشکل ہے۔
اس صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے مدرسۂ انتظامیہ نے اساتذہ کی مالی مدد اور ان کی تنخواہوں میں معقول اضافہ کرنے کے لیے ایک طریقہ تجویز کیا ہے۔
طریقہ یہ ہے کہ مدرسہ کی طرف سے جو موجودہ تنخواہ استاذ کو مل رہی ہے، وہ حسبِ معمول ملتی رہے گی۔ اس کے علاوہ ہر استاذ کے مدرسہ میں تقرر کے سال کے لحاظ سے ایک ماہانہ اضافی رقم مقرر کی جائے گی۔
مثلاً: جس استاد کو مدرسہ میں چھ سال یا اس سے زیادہ ہو گئے ہوں، اس کے لیے فی شفٹ ماہانہ 10,000 روپے۔ جسے پانچ سال ہو گئے ہوں، اس کے لیے 9,000 روپے۔-جسے چار سال ہو گئے ہوں، اس کے لیے 8,000 روپ، اسی طرح دوسرے اساتذہ کے لیے بھی ان کی مدتِ ملازمت کے حساب سے مناسب رقم مقرر کی جائے گی۔
اس اضافی رقم کے لیے اساتذہ کو صدقہ پیٹیاں دی جائیں گی، جنہیں وہ اپنی کلاس کے ایسے صاحبِ حیثیت طلبہ کے گھروں میں رکھیں گے جن کے گھر والے اپنی خوشی اور رضامندی سے ان میں رقم ڈالنا چاہیں۔ ہر ماہ ان صدقہ پیٹیوں میں جو رقم جمع ہوگی، وہ رقم اساتذہ کی اضافی مالی معاونت اور تنخواہ میں اضافے کے لیے استعمال کی جائے گی، مثلاً: اگر کسی استاد کے لیے اضافی طور پر 10,000 روپے مقرر کیے گئے ہیں اور مدرسہ تنخواہ کے طور پر اسے 6,000 روپے دے رہا ہے، تو باقی 4,000 روپے صدقہ پیٹی سے حاصل ہونے والی رقم سے پورے کیے جائیں گے۔
اگر کسی استاد کی صدقہ پیٹی سے مقررہ رقم سے زیادہ پیسے جمع ہو جائیں تو زائد رقم مدرسہ کے دوسرے انتظامی اور تعلیمی اخراجات میں استعمال کی جائے گی، یہ صدقہ پیٹی اساتذہ کی مالی مدد اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے مقصد سے رکھی جائے گی، البتہ مدرسہ انتظامیہ چاہتی ہے کہ اس اضافی مالی مدد کو اساتذہ کی حاضری، وقت کی پابندی اور مدرسہ کے اصول و ضوابط کی پابندی کے ساتھ بھی جوڑا جائے، تاکہ اساتذہ اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی نہ کریں اور طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
اس لیے اگر کوئی استاذ بار بار غیر حاضر ہو، ضرورت سے زیادہ چھٹیاں کرے، بغیر اجازت چھٹی کرے، مدرسہ میں دیر سے آئے یا مدرسہ کے مقررہ اصول و ضوابط کی پابندی نہ کرے، تو اس ماہ صدقہ پیٹی سے ملنے والی اضافی رقم پوری نہ دی جائے، بلکہ اسے کم کرکے زیادہ سے زیادہ نصف تک کردیا جائے۔
تاہم انتظامیہ یہ بھی چاہتی ہے کہ کسی استاذ کی حقیقی اور ضروری اتفاقی رخصت کی وجہ سے اس کی اضافی مالی مدد میں کمی نہ کی جائے، چونکہ مدرسہ کی طرف سے ہر استاد کو فی شفٹ ماہانہ ڈیڑھ (1.5) دن کی کیجول رخصت دی جاتی ہے۔ یہ رخصت کسی حقیقی اور ضروری کام، مثلاً شادی بیاہ، کسی کے انتقال، بیماری، اچانک پیش آنے والی ضرورت یا کسی دوسرے ضروری کام کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔
اس ڈیڑھ دن کی رخصت پر استاذ کی اصل تنخواہ میں کوئی کٹوتی نہیں کی جاتی، بلکہ یہ رعایتی رخصت ہے۔ اس لیے اس رخصت کی وجہ سے صدقہ پیٹی سے ملنے والی اضافی مالی مدد میں بھی کوئی کمی نہ کی جائے گی اور اسے تادیبی کارروائی کا سبب نہ بنایا جائے گا، البتہ اگر کوئی استاد مقررہ ڈیڑھ دن کی رخصت سے زیادہ چھٹی کرے، یا بغیر اجازت مسلسل اور غیر معمولی طور پر غیر حاضر رہے، تو اضافی غیر حاضری کی صورت میں مدرسہ کے مقررہ اصول کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔
اسی طرح استاذ کی سابقہ حاضری اور غیر حاضری کا ریکارڈ بھی دیکھا جائے۔ مثلاً اگر کوئی استاذ پہلے بھی، جب تنخواہ کم تھی، کبھی کبھار آدھا دن، پون دن، ایک دن یا ڈیڑھ دن غیر حاضر ہوتا رہا ہو اور اب تنخواہ بڑھنے کے بعد بھی اس کی غیر حاضری پہلے جیسی ہی ہو، تو صرف اس سابقہ معمول کی وجہ سے اسے سست یا بے اصولی کا مرتکب نہ سمجھا جائے، بلکہ اسے معمول کی حد میں شمار کیا جائے۔
لیکن اگر کسی استاذ کی تنخواہ میں اضافہ ہونے کے بعد وہ جان بوجھ کر سستی کرے، بلاوجہ غیر حاضر رہے، ضرورت سے زیادہ چھٹیاں کرے یا وقت کی پابندی نہ کرے اور یہ رویہ مسلسل جاری رہے، تو مدرسہ کے اصول کے مطابق اس کے خلاف مناسب انتظامی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
لہٰذا دریافت طلب امر یہ ہے کہ:
1) کیا مذکورہ طریقے کے مطابق طلبہ کے گھروں میں صدقہ پیٹیاں رکھنا اور ان میں جمع ہونے والی رقم کو اساتذہ کی مالی مدد اور تنخواہوں میں اضافے کے لیے استعمال کرنا شرعاً جائز ہے؟
2) کیا مدرسہ انتظامیہ کے لیے یہ جائز ہے کہ صدقہ پیٹی سے حاصل ہونے والی اضافی رقم کو اساتذہ کی حاضری، چھٹی، وقت کی پابندی اور مدرسہ کے اصول و ضوابط کی پابندی کے ساتھ مشروط کرے، اور کوتاہی کی صورت میں اس اضافی رقم میں کمی کردے؟
نوٹ : صدقہ پیٹی رکھنے کے معاملے میں اساتذہ پر کوئی زور زبردستی نہیں کی جائے گی، جو اساتذہ رکھنا چاہیں صرف انھیں کو دی جائے گی جو نہ رکھنا چاہیں ان کی صوابدید پر ہوگا۔
براہِ کرم اس مسئلہ کے بارے میں مکمل اور واضح شرعی رہنمائی فرمائیں، تاکہ مدرسہ انتظامیہ کسی ناجائز یا مشتبہ طریقے سے بچتے ہوئے اساتذہ کی ضروریات پوری کرنے اور مدرسہ کا نظام بہتر طریقے سے چلانے کا اہتمام کرسکے۔

جواب: پوچھی گئی صورت میں اساتذہ کے ذریعے اپنی ہی کلاس کے طلبہ کے گھروں میں صدقہ پیٹیاں رکھوانا اور ان سے حاصل ہونے والی رقم کو اساتذہ کی تنخواہ یا مشروط مراعات کی ادائیگی میں استعمال کرنے میں متعدد شرعی، اخلاقی اور انتظامی قباحتیں پائی جاتی ہیں، جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
اولاً: اگر ان پیٹیوں میں نفلی یا واجب صدقات کی رقم جمع کی جاتی ہے تو اس رقم کو اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی میں استعمال کرنا درست نہیں؛ کیونکہ تنخواہ اجرتِ عمل ہے، جبکہ صدقات واجبہ کے استعمال کے لیے شرعی مصارف اور تملیک کے احکام کی رعایت ضروری ہے، لہٰذا صدقات واجبہ کی رقم کو تنخواہوں کی مد میں خرچ کرنا اس کی نوعیت اور مصرف کے اعتبار سے شرعی احکام کے خلاف ہے۔
ثانیاً: اساتذہ کے ذریعے ان کے اپنے زیرِ تعلیم طلبہ کے گھروں میں صدقہ کی پیٹیاں رکھوانا اساتذہ کے علمی و تدریسی وقار کے منافی ہے، اس سے اساتذہ اور طلباء کے درمیان غیر ضروری مالی تعلق پیدا ہوتا ہے، جو بسا اوقات تہمت، تعلیمی جانبداری اور طلباء کے ساتھ امتیازی برتاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔ نیز اس عمل سے طلباء کے والدین پر اخلاقی اور نفسیاتی دباؤ پڑنے کا اندیشہ ہے، جس کے نتیجے میں ان سے مالی تعاون ان کی حقیقی رضامندی کے بجائے حیا و مروت کی بنیاد پر حاصل کیا جا سکتا ہے، حالانکہ شریعت میں کسی مسلمان کا مال اس کی دلی رضامندی کے بغیر لینا جائز نہیں.
ثالثاً: صدقہ کی پیٹیوں سے حاصل ہونے والی رقم کو اساتذہ کی باقاعدہ تنخواہ یا انعامات کا حصہ قرار دینا اور پھر اسے حاضری، غیر حاضری یا تادیبی کارروائی کے ساتھ مشروط کرکے اس میں کٹوتی کرنا بھی محلِ نظر ہے، کیونکہ تنخواہ اور مراعات کا معاملہ اصولِ اجارہ کے مطابق واضح اور متعین ہونا چاہیے، جبکہ صدقات کی رقم امانت ہے اور اسے مقررہ شرعی مصرف ہی میں خرچ کرنا لازم ہے، دونوں معاملات کو اس طرح باہم مربوط کرنا شرعی و انتظامی اعتبار سے درست نہیں۔
لہٰذا مناسب اور شرعی طور پر درست طریقۂ کار یہ ہے کہ مدرسے کی انتظامیہ اپنے ذمہ داران کے ذریعے مالدار (متمول) اور اہلِ خیر حضرات سے براہِ راست، باوقار انداز میں عمومی عطیات اور امدادی فنڈ کی صورت میں تعاون کی اپیل کرے، اس کے بعد حاصل ہونے والی غیر مقید امدادی رقوم کو ان کی شرائط کے مطابق مدرسے کے عمومی فنڈ میں شامل کرکے اساتذہ کی باقاعدہ تنخواہوں اور حسنِ کارکردگی کے جائز الاؤنسز کا مناسب انتظام کرے، اس مقصد کے لیے اساتذہ کو واسطہ بنا کر ان کے زیرِ تعلیم طلبہ کے گھروں میں صدقہ پیٹیاں رکھوانے سے اجتناب کیا جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الدلائل:

الدر المختار وحاشية ابن عابدين (رد المحتار) (2/ 344، ط: دار الفكر-بيروت)
ويشترط أن يكون الصرف (تمليكا) لا إباحة كما مر (لا) يصرف (إلى بناء) نحو (مسجد و) لا إلى (كفن ميت وقضاء دينه) أما دين الحي الفقير

مسند أحمد، مسند البصريين، (حديث عم أبي حرة الرقاشي، رقم الحديث: 20695مؤسسة الرسالة)
«أَلَا لَا تَظْلِمُوا، أَلَا لَا يَحِلُّ مَالُ امْرِئٍ إِلَّا بِطِيبِ نَفْسٍ مِنْهُ»

والله تعالیٰ اعلم باالصواب
دار الافتاء الاخلاص کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Rights & Etiquette of Mosques