resize-left-dar mid-dar right-dar
✨ Ask AI

عنوان: ٹائم بکس (TimeBucks) ویب سائٹ کے Daily Streak فیچر پر روزانہ لاگ اِن کرنے سے حاصل ہونے والے بونس کا شرعی حکم

(65754-No)

سوال: السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، مفتی صاحب! مجھے TimeBucks ویب سائٹ سے پیسے کمانے کے بارے میں شرعی رہنمائی چاہیے۔
اس ویب سائٹ پر Daily Streak نام کا ایک فیچر ہے، اس میں مجھے صرف روزانہ ویب سائٹ پر لاگ اِن کرکے چیک اِن کرنے پر تھوڑی سی رقم ملتی ہے، مثال کے طور پر پہلے دن 0.001 ڈالر، دسویں دن 0.011 ڈالر اور تیسویں دن 0.052 ڈالر دکھائے جاتے ہیں۔
اس بونس کے لیے مجھے نہ کوئی پیسہ جمع کروانا پڑتا ہے، نہ کوئی چیز خریدنی پڑتی ہے اور نہ ہی کوئی شرط یا جوا کھیلنا پڑتا ہے، میں صرف روزانہ چیک اِن کرتا ہوں اور انعام کی رقم بڑھتی جاتی ہے۔
میرا سوال یہ ہے کہ کیا TimeBucks کے Daily Streak سے حاصل ہونے والی رقم حلال ہے؟ کیا میں یہ رقم اپنے اکاؤنٹ سے نکلوا کر استعمال کر سکتا ہوں؟ جزاکم اللہ خیراً

جواب: ہماری معلومات کے مطابق TimeBucks گیمز کھیلنے، چھوٹے چھوٹے آن لائن کام (Micro Tasks) انجام دینے، ویب سائٹس کی جانچ کرنے، ایپس انسٹال کرنے، ویڈیوز اور اشتہارات دیکھنے اور سروے مکمل کرنے پر بھی رقم دیتی ہے، ان کاموں میں بعض شرعی خرابیاں، مثلاً: ناجائز اشتہارات کی تشہیر، دھوکہ دہی اور دیگر غیر شرعی امور پائے جانے کا امکان ہے۔
چنانچہ اگرچہ مذکورہ ویب سائٹ کے Daily Streak فیچر کے ذریعے رقم حاصل کرنے کے لیے صرف روزانہ لاگ اِن کرنا ہوتا ہے، اس کے لیے کوئی رقم جمع نہ کرانی پڑتی، اور نہ کوئی چیز خریدنی پڑتی ہے، لیکن اس طرح روزانہ لاگ ان کرنے سے چونکہ ان کے دیگر ناجائز کاموں کی تشہیر یا ترقی میں مدد ہو سکتی ہے، لہٰذا اس سے بھی اجتناب کرنا بہتر ہے، اور اگر اس بونس کے حصول کے لیے کسی ناجائز سرگرمی میں حصہ لینا ضروری ہو تو اس کا لینا جائز نہیں ہوگا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*دلائل:*

*القرآن الكريم[المائدة: 2]*
وَتَعَاوَنُواْ عَلَى ٱلۡبِرِّ وَٱلتَّقۡوَىٰۖ وَلَا تَعَاوَنُواْ عَلَى ٱلۡإِثۡمِ وَٱلۡعُدۡوَٰنِۚ وَٱتَّقُواْ ٱللَّهَۖ إِنَّ ٱللَّهَ شَدِيدُ ٱلۡعِقَابِ۔

*التفسير المظهري (3/ 19 – ط: مكتبة الرشدية ، الباكستان):*
ولا تعاونوا على الإثم والعدوان يعنى لا تعاونوا على ارتكاب المنهيات ولا على الظلم لتشفى صدوركم

واللہ تعالٰی أعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی

Find here answers of your daily concerns or questions about daily life according to Islam and Sharia. This category covers your asking about the category of Business & Financial