سوال:
تقریباً دس سال سے زائد عرصہ قبل، میں نے اپنے ایک دوست کے ساتھ زمین کی خرید و فروخت کے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنا شروع کی۔ میں موسے (Muse) شہر میں کاروبار کرتا ہوں، جبکہ میرا دوست ینگون میں رہتا ہے۔ چنانچہ میں اسے ضرورت کے مطابق رقم بھیج دیتا تھا اور وہ اپنی صوابدید کے مطابق زمین کی خرید و فروخت کرتا تھا۔
اس کاروبار میں، خواہ میرے دوست کا اپنا سرمایہ شامل ہوتا یا نہ ہوتا، وہ ہمیشہ منافع کا نصف حصہ مجھے یا اپنے حساب سے دونوں کے درمیان تقسیم کرتا رہا۔ میں نے زبانی طور پر ایک مرتبہ اپنے دوست سے یہ کہا تھا کہ اگر وہ کاروبار اچھی طرح چلائے گا تو میں اسے منافع کا 50 فیصد دوں گا، لیکن اس سلسلے میں کوئی باقاعدہ معاہدہ یا تحریری عہد نہیں کیا گیا تھا۔
کاروبار کے دوران جن زمینوں کی خریداری میں میرے دوست نے اضافی رقم لگائی، ان میں وہ مجھے صرف میرے لگائے ہوئے سرمائے کے تناسب سے منافع دیتا تھا، لیکن جن زمینوں میں 100 فیصد یا 70 فیصد سرمایہ میرا ہوتا، ان میں بھی وہ ہمیشہ نصف منافع وصول کرتا رہا۔
جب میں جنگی حالات کے باعث نقل مکانی کرکے ینگون منتقل ہوا تو مجھے بعض حقائق معلوم ہوئے۔ مجھے پتا چلا کہ نقد رقم سے خریدی گئی بعض زمینوں کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ مزید یہ کہ میرے دوست نے ایک مشترکہ ملکیت والی زمین جس کی قیمت اس نے خود مقرر کرکے خریدنے کا فیصلہ کیا تھا، اس کے بارے میں جھوٹ بولا کہ اسے کسی دوسرے شخص نے خرید لیا ہے۔ اس نے بعض مشترکہ زمینوں کی رجسٹری بھی مجھے اطلاع دیے بغیر صرف اپنے نام پر کروا لی تھی، ان حالات کی وجہ سے اب میں اس کے ساتھ کاروبار جاری نہیں رکھنا چاہتا۔
سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہوئی کہ میرے خاندان کو رہائشی اندراج (ဧည့်စာရင်း) کے سلسلے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ اس لیے میں نے اپنے مشترکہ ملکیتی پلاٹ پر اپنے خرچ سے تعمیر کیے گئے مکان کے پتے کی بنیاد پر فارم نمبر 10 (ပုံစံ ၁၀) تبدیل کروانے میں اس سے مدد مانگی، لیکن اس نے عدم اعتماد اور تذبذب کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے مجھے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حال ہی میں میں نے ایک ایسا پلاٹ فروخت کرنے کے لیے خریدار تلاش کیا جسے میں نے اپنے 100 فیصد ذاتی سرمائے سے خریدا تھا اور جس کی مرمت و دیکھ بھال بھی مکمل طور پر اپنے خرچ پر کی تھی۔ اس پلاٹ کے متعلق ایک دستاویز میں میرے دوست کا نام بھی اس لیے شامل کیا گیا تھا تاکہ ضرورت پڑنے پر رجسٹریشن آفس میں متعلقہ کارروائی مکمل کی جا سکے۔
جب خریدار سامنے آیا تو میں نے اپنے دوست سے وہ دستاویز واپس کرنے کا مطالبہ کیا، لیکن اس نے کہا کہ اگر میں اسے نصف منافع نہیں دوں گا تو وہ دستاویز واپس نہیں کرے گا۔ بعد ازاں، چند دوستوں نے درمیان میں پڑ کر صلح کرانے کی کوشش کی، جس پر اس نے 30 فیصد منافع لینے پر آمادگی ظاہر کی۔ تاہم، آج تک اس نے متعلقہ دستاویزات میرے حوالے نہیں کیں، جس کی وجہ سے زمین کی خرید و فروخت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔
اب میں درج ذیل امور کے بارے میں شرعی رہنمائی چاہتا ہوں:
(الف) میں نے ماضی میں اپنے دوست کو زبانی طور پر منافع کا 50 فیصد دینے کی بات کہی تھی، لیکن کوئی باقاعدہ عہد یا معاہدہ نہیں کیا تھا۔ اگرچہ میں ماضی میں اسے نصف منافع دیتا رہا ہوں، لیکن اب اس کے اخلاق اور طرزِ عمل کے بارے میں حقائق معلوم ہونے کے بعد میں اسے مزید منافع نہیں دینا چاہتا۔ کیا ایسا کرنا شرعاً گناہ ہے؟ کیا مجھ پر شرعاً لازم ہے کہ میں اسے منافع کا نصف حصہ ضرور ادا کروں؟
(ب) کیا کسی شخص کو امانت اور اعتماد کی بنیاد پر دی گئی دستاویزات یا املاک کو واپس کرنے سے انکار کرنا اور اس کے بدلے حد سے زیادہ منافع کا مطالبہ کرنا شرعاً جائز ہے؟
واضح رہے کہ زیرِ بحث زمین میرے اپنے سرمائے سے خریدی گئی تھی اور اس کی خریداری، مرمت اور دیکھ بھال پر ہونے والے تمام اخراجات بھی میں نے خود برداشت کیے تھے۔ اس زمین میں میرا سرمایہ 100 فیصد تھا۔
جواب: (الف) پوچھی گئی صورت میں اگر سائل اپنے دوست کو باقاعدہ بتاکر باہمی رضامندی سے سابقہ کاروباری معاملات ختم کردئیے، اور اس کے بعد والے معاملات میں اپنے ذاتی سرمائے اور محنت سے کاروبار جاری رکھا تو بعد والے کاروباری منافع میں سے دوست کو کوئی حصہ دینے کا پابند نہیں ہوگا، البتہ سابقہ کاروباری معاملات میں جو زبانی طور منافع دینا طے ہوا تھا، معاہدہ کے صحیح ہونے کیلئے اس کا تحریر میں لانا شرعاً ضروری نہیں ہے، بلکہ باہمی رضامندی سے زبانی معاہدہ بھی منعقد ہوجاتا ہے، اور اس کی پاسداری بھی شرعاً لازم ہے، لہذا ان سابقہ کاروباری منافع میں سے زبانی طے شدہ شرح منافع کے مطابق، اس دوست کا جتنا حق بنتا ہو، اس کی ادائیگی شرعاً ضروری ہوگی۔
(ب) جو دستاویزات دوست کو محض رجسٹریشن آفس کی کارروائی میں سہولت کی غرض سے دی گئی تھیں، اور اس نے اس کی رجسٹریشن وغیرہ کی خدمات سر انجام دی ہوں تو مارکیٹ عرف کے مطابق اس جیسے کام کی عموماً جتنی اجرت لی جاتی ہے، اتنی رقم اسے دینا لازم ہوگا۔
جہاں تک مذکورہ پلاٹ کے منافع کا تعلق ہے تو اگر اس پلاٹ کی خریداری میں واقعتاً اس دوست کا کوئی سرمایہ اور محنت شامل نہیں تھی تو اس پلاٹ کی ملکیت اور اس کی فروخت سے حاصل ہونے والا منافع صرف سائل کا ہوگا، ان کا دوست ان منافع میں کسی حصے کا مستحق نہیں ہوگا، تاہم بہتر ہے کہ باہمی رضامندی سے کوئی مصالحت کی کوئی صورت اختیار کرلی جائے، نیز اس سلسلے میں اگر پہلے کوئی مصالحت کے طور کوئی منافع میں کوئی حصہ دینے پر اتفاق ہوا ہو تو اس پر عمل کرنا چاہیے، تاکہ مزید نزاع اور جھگڑے سے بچا جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل:*
*القرآن الكريم: ( النساء، الآية:58)*
إِنَّ اللّٰهَ يَأْمُرُكُمْ أَنْ تُؤَدُّوا الْأَمَانَاتِ إِلَىٰ أَهْلِهَا وَإِذَا حَكَمْتُمْ بَيْنَ النَّاسِ أَنْ تَحْكُمُوا بِالْعَدْلِ ۚ إِنَّ اللّٰهَ نِعِمَّا يَعِظُكُمْ بِهِ ۗ إِنَّ اللّٰهَ كَانَ سَمِيعًا بَصِيرًا.
*الدر المختار مع رد المحتار: (327/4، ط: دار الفكر)*
وتبطل الشركة) أي شركة العقد (بموت أحدهما) علم الآخر أو لا لأنه عزل حكمي (ولو حكما) بأن قضي بلحاقه مرتدا.
(و) تبطل أيضا (بإنكارها) وبقوله: لا أعمل معك فتح (وبفسخ أحدهما) ولو المال عروضا.
(قوله: بإنكارها) أي ويضمن حصة الآخر؛ لأن جحود الأمين غصب كما في البحر سائحاني (قوله: وبقوله لا أعمل معك) هذا في المعنى فسخ فكان الأولى تأخيره عن قوله وبفسخ أحدهما، وفي البحر عن البزازية: اشتركا واشتريا أمتعة ثم قال أحدهما لا أعمل معك بالشركة وغاب فباع الحاضر الأمتعة فالحاصل للبائع وعليه قيمة المتاع؛ لأن قوله لا أعمل معك فسخ للشركة معه وأحدهما يملك فسخها وإن كان المال عروضا، بخلاف المضاربة هو المختار اه
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی