سوال:
السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ، مفتی صاحب! دودھ سے کریم نکالنے والی مشین لگانا اورعلاقے کے دودھ دینے والے حضرات سے رابطہ کر کے ان کے صبح شام کے دودھ سے کریم نکال کر انہیں کریم کے پیسے دیدینا کیسا ہے، جبکہ کریم نکلوا کر پیسے لے جانے کے بعد وہ دودھ دینے والے افراد اس دودھ کو بھی مختلف جگہوں میں فروخت کرتے ہیں، کیا یہ مشین لگانا جائز ہے؟
جواب: پوچھی گئی صورت میں مذکورہ مشین لگانا اور اس کے ذریعے دودھ سے کریم (بالائی) نکال کر دودھ فروخت کرنے والوں سے اس کی خرید و فروخت کا معاملہ کرنا جائز ہے، بشرطیکہ اس معاملے میں کوئی اور شرعی خرابی مثلاً: جھوٹ، غلط بیانی اور دھوکہ دہی وغیرہ نہ پائی جائے۔
البتہ دودھ فروخت کرنے والوں پر لازم ہے کہ وہ ایسا دودھ فروخت کرتے وقت خریدار کو واضح طور پر بتا دیں کہ اس دودھ سے کریم (بالائی) نکالی جا چکی ہے، تاکہ خریدار حقیقتِ حال سے باخبر ہوکر دودھ خریدے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
*الدلائل:*
*سنن أبي داؤد: (323/5، رقم الحديث: 3452، ط: دار الرسالة العالمية)*
عن أبي هريرة: أن رسول الله - صلى الله عليه وسلم - مر برجل يبيع طعاما، فسأله "كيف تبيع؟ " فأخبره، فأوحي إليه: أدخل يدك فيه، فأدخل يده فيه، فإذا هو مبلول، فقال رسول الله - صلى الله عليه وسلم -: "ليس منا من غش ".
*الدر المختار مع رد المحتار: (502/4، ط: دار الفكر)*
وشرعا: (مبادلة شيء مرغوب فيه بمثله) خرج غير المرغوب كتراب وميتة ودم.
(قوله: مرغوب فيه) أي ما من شأنه أن ترغب إليه النفس وهو المال؛ ولذا احترز به الشارح عن التراب والميتة والدم فإنها ليست بمال.
واللّٰه تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص، کراچی