سوال:
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، مفتی صاحب! میں ایک دکان پر کام کرتا ہوں، ہماری دکان پر کارخانے سے مال آتا ہے، عام طور پر کارخانے والے مال گن کر نہیں دیتے، بلکہ پیمائش کے طور پر گتے کا ایک مخصوص سائز کاٹ کر اس میں چوڑیاں بھر دیتے ہیں، ایک رول میں 36 چوڑیاں، یعنی تین درجن ہوتی ہیں، اب کارخانے والے نے گتے کا ایک ٹکڑا کاٹ کر اس میں چوڑیاں بھریں، لیکن اس میں کبھی چوڑیاں مقررہ تعداد سے کم اور کبھی زیادہ بھی ہوتی ہیں۔
دریافت یہ کرنا ہے کہ اگر مقررہ تعداد سے زیادہ چوڑیاں آجائیں تو کیا ہمیں کارخانے والے کو اس بارے میں بتانا ضروری ہے، یا انہیں اپنے پاس رکھ سکتے ہیں؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ اضافی چوڑیاں ہمارے لیے حرام ہوں؟ براہِ کرم شرعی رہنمائی فرمائیں۔
جواب: واضح رہے کہ چوڑیاں عددیات میں سے ہیں یعنی ان کی خرید و فروخت عام طور پر گنتی کے حساب سے ہوتی ہے، جیسے تین درجن چوڑیاں۔ گتے پر چڑھانا محض تعداد معلوم کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ اس سے چوڑیاں مذروعات ( ناپ کر فروخت کی جانے والی چیزیں، جیسے کپڑا وغیرہ ) میں شامل نہیں ہوتیں۔ گنتی والی چیزوں میں خرید و فروخت کے دوران اگر کمی بیشی آ جائے تو اس کو پورا کیا جائے گا ۔
لہذا پوچھی گئی صورت میں اگر کارخانے والے کی طرف سے طے شدہ تعداد سے کم چوڑیاں وصول ہوں تو کارخانے والے سے کمی پورا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا اور اگر زائد آجائیں تو وہ کارخانے دار کو واپس کی جائیں گی ۔
اس صورت میں اضافی چوڑیاں واپسی کرنے کے بجائے کوئی اور جائز صورت بھی اختیار کی جاسکتی ہے، مثلاً: زائد چوڑیوں کی باہمی رضامندی سے کوئی قیمت مقرر کرکے وہ رقم کارخانے دار کو دی جائے یا اتنی مالیت کے بقدر چوڑیوں کا اگلے آرڈر میں تصفیہ (adjustment) کیا جائے، نیز اگر مالک چاہے تو اپنی مرضی سے وہ اضافی چوڑیاں دوکاندار کو ہدیہ بھی کرسکتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دلائل:
*الدر المختار مع الرد: 542/4، ط: سعید)*
وإن باع صبرةً على أنها مائة قفيز بمائة درهم وهي أقل أو أكثر أخذ) المشتري (الأقل بحصته) إن شاء (أو فسخ).... (وما زاد للبائع) لوقوع العقد على قدر معين
*شرح المجلة: (المادۃ: 97، 51/1، ط: رشیدية)*
لایجوز لأحد أن یاخذ مال أحد بلا سبب شرعي و إن أخذ ولو علی ظن أنه ملکه وجب علیه ردہ عینا إن کا ن قائما وإلا فیضمن قیمته إن کان قیمیا.
واللہ تعالٰی اعلم بالصواب
دارالافتاء الاخلاص،کراچی